کراچی: سعید آباد میں پاک بحریہ کے ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا
کراچی کے علاقے سعید آباد میں پاک بحریہ کے ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، اتحاد ٹاؤن میں ذاتی دشمنی پر ایک شخص قتل اور کوسٹ گارڈز کا ملازم زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی ضلع کیماڑی کیپٹن (ریٹائرڈ) فیضان علی نے ڈان کو بتایا کہ محمد ندیم، عمر 50 سال، اپنی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ سیکٹر 14-سی کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے اس پر گولی چلائی اور فرار ہو گئے۔
محمد ندیم کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
کیپٹن (ریٹائرڈ) فیضان علی نے ڈکیتی کی واردات کے امکان کو مسترد کر دیا اور کہا کہ قتل کی وجہ ذاتی دشمنی ہو سکتی ہے، مقتول پاک بحریہ میں سویلین ملازم تھا۔
دریں اثنا بلدیہ ٹاؤن میں ذاتی دشمنی پر ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص قتل جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
اتحاد ٹاؤن پولیس کے ایس ایچ او راؤ شبیر نے ڈان کو بتایا کہ 35 سالہ حبیب رحیم کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا جبکہ مبینہ قاتل نصیب شاہ، عمر 35 سال، مقتول کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں زخمی ہو گیا۔
ایس ایچ او راؤ شبیر نے بتایا کہ واقعہ پاور ہاؤس کے قریب بلاک-9 میں پیش آیا جبکہ واقعے کی وجہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتی ہے۔
تاہم، انہوں نے کہا کہ پولیس زخمی نصیب شاہ کا بیان ریکارڈ کرنے کی منتظر ہے، جو پاکستان کوسٹ گارڈ کا ملازم ہے، اسے گردن میں گولی لگی ہے اور پی این شفا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔












لائیو ٹی وی