سندھ حکومت پر انگلی اُٹھانے سے پہلے فاروق ستار آئینہ دیکھیں، ناصر حسین شاہ
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار کی جانب سےکراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی واردتوں پر سندھ حکومت پر تنقید کا جواب دے دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق صوبائی وزیرِ توانائی سید ناصر حسین شاہ نے متحدہ رہنما کے بیان کو بکھری ہوئی سوچ اور ناکام سیاسی وجود کی آخری چیخ قرار دے دیا، صوبائی وزیرِ توانائی نے دعوی کیا کہ عوامی تردید کا شکار فاروق ستار سستی شہرت کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔
ناصرحسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت پر انگلی اٹھانے سے پہلے فاروق ستار آئینہ دیکھیں، صوبائی حکومت کی عوامی خدمت نے ان کی نیندیں اڑادی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن کے ماضی پر بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور کراچی کے امن کی تباہی کے داغ ہوں، ان کے منہ سے ’خدمت‘ کا لفظ مذاق لگتا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام انہیں تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک چکے ہیں، فاروق ستار وہ کردار ہیں جو صرف اقتدار کی گود میں کھیلنا جانتے ہیں، اصول اور خدمت ان کے لغت میں نہیں، سندھ حکومت کی عوامی خدمت نے ان جیسے زوال پذیر سیاستدانوں کی نیند حرام کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستا نے آج (27 جولائی) کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرِ قائد میں عوام کے ساتھ سوتیلی ماں سے بھی بدتر سلوک ہو رہا ہے، ٹریفک پولیس بھتہ لے رہی ہے، لوگوں کے مرنے پر صوبائی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو اپنانے اور اس کی اونر شپ لینے کو تیار نہیں ہے، شہر میں ڈکیتی مزاحمتوں کے دوران جو شہادتیں ہو رہی ہیں، اس پر کوئی افسوس تک نہیں کر رہا، پیپلز پارٹی کی حکومت شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے سر پر ہاتھ رکھنے کو تیار نہیں ہے۔












لائیو ٹی وی