رجب طیب اردوان کے دور میں پاک ترک تعلقات کو ایک نئی جہت ملی، وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ رجب طیب اردوان کے دور میں پاک ترک تعلقات کو ایک نئی جہت ملی، وہ مسلم امہ کے مضبوط رہنما ہیں۔
اسلام آباد میں ڈاکٹر فرقان حمید کی کتاب ’ دی ٹائیگر آف اسلامک ورلڈ ’ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈاکٹر فرقان حمید کی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کرنا ایک اعزاز ہے، انہوں نے اسلامی تہذیب اور تمدن کو بہتر انداز میں پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رجب طیب اردوان بااصول سیاستدان ہیں، ان کے دور میں پاک ترک دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملی، اور پاک ترک تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ترک صدر نے اپنا معیار عوامی آدمی کے طور پر منوایا ہے، وہ ایک عوامی آدمی ہونے کے ساتھ ایک بہترین منتظم بھی ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نےکہا کہ بطور مئیر استنبول انہوں نے ایک بہترین وراثت چھوڑی، وہ مسلم امہ کے مضبوط رہنما ہیں۔
انہوں نےکہا کہ رجب طیب اردوان نے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچایا، اور پاک ترک عوام بھی باہمی تعلقات مضبوط کررہےہیں۔












لائیو ٹی وی