• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں خاتون کی جسامت پر مذاق کا ڈائلاگ، صارفین برہم

شائع July 29, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ہمایوں سعید اور سجل علی کے پسند کیے جانے والے ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کی چوتھی قسط میں خاتون کی جسامت کے حوالے سے مزاحیہ ڈائلاگ بولنے پر نہ صرف ڈراما لکھاری بلکہ سجل علی کو بھی تنقید کا سامنا ہے۔

ڈرامے کی چوتھی قسط میں ہمایوں سعید کی جانب سے کلاس میں پڑھانے کے دوران سجل علی ان سے کچھ نامناسب سوالات کرتی دکھائی دیتی ہیں، جس پر صارفین نے اظہار برہمی کیا۔

مذکورہ قسط میں سجل علی کلاس میں تاخیر سے آتی ہیں جب کہ ہوم ورک بھی نہیں کر کے آتیں اور پوچھنے پر بتاتی ہیں کہ گھر میں ان کی شادی کی بات چل رہی ہے، جس وجہ سے وہ پڑھ نہیں پائیں۔

سجل علی کے جواب پر ہمایوں سعید انہیں بتاتے ہیں کہ وہ پڑھ بھی نہیں رہیں، اس پر سجل علی ان سے بھی شادی کا سوال کرتی دکھائی دیتی ہیں، جس پر صارفین نے اظہار برہمی کیا۔

سجل علی ہمایوں سعید سے پوچھتی ہیں کہ کیا ان کی بھی شادی ہوگئی؟ جس پر ہمایوں سعید ان کی طرف لپٹ کر دیکھتے ہیں تو سجل علی انہیں بتاتی ہیں کہ انہوں نے اپنی پھوپھو سے شرط لگائی ہے کہ آپ کی شادی ہوچکی ہوگی، دو تین بچے بھی ہوں گے اور آپ کی بیوی ’موٹی‘ بھی بن چکی ہوگی۔

سجل علی کی جانب سے ایسی باتیں کہنے پر ہمایوں سعید ان کے قریب آکر ان سے پوچھتے ہیں کہ انہیں کیسے پتا چلا کہ ان کی بیوی ’موٹی‘ ہوگئی ہوگی؟

ہمایوں سعید کے سوال پر سجل علی انہیں بتاتی ہیں کہ ان کے چہرے پر خوشی کے تاثرات نظر نہیں آتے، اس لیے انہوں نے اندازا لگایا۔

سجل علی کی جانب سے ہمایوں سعید کی بیوی کے لیے ’موٹی‘ کا لفظ استعمال کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے اظہار برہمی کیا جب کہ کلاس میں استاد اور شاگرد کے درمیان اس طرح کا بحث دکھانے پر بھی شائقین نے ناراضگی ظاہر کی۔

شائقین کے مطابق کلاس میں شاگرد اور استاد کے درمیان اس طرح کا بحث دکھانا غیر اخلاقی ہے، پاکستان کی کلاسوں میں اس طرح کی باتیں نہیں ہوتیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کے لیے ’موٹی‘ کا لفظ استعمال کرنے پر نہ صرف ڈرامے کے لکھاری خلیل الرحمٰن قمر کو آڑے ہاتھوں لیا بلکہ سجل علی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

بعض صارفین نے نشاندہی کی کہ جہاں ڈراما لکھاری خاتون کے لیے ’موٹی‘ کا لفظ استعمال کرنے کا ذمہ دار ہے، اتنی ہی ذمہ داری سجل علی پر بھی عائد ہوتی ہیں، انہیں ایسا لفظ نہیں بولنا چاہیے تھا، اب وہ بڑا نام اور سینئر بن چکی ہیں، انہیں اعتراض کرنا چاہیے تھا۔

زیادہ تر افراد نے ڈراما لکھاری کو آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ خلیل الرحمٰن قمر ایسے ہی ڈائلاگ لکھ سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025