• KHI: Partly Cloudy 16.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 10°C
  • ISB: Cloudy 13.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 10°C
  • ISB: Cloudy 13.5°C

’شادی پریوں کی کہانی نہیں‘، بشریٰ انصاری نے سابق شوہر کو روایتی پاکستانی مرد قرار دے دیا

شائع July 30, 2025
—ریویو پی کے
—ریویو پی کے

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچپن میں وہ شادی کو ایک خوبصورت خواب سمجھتی تھیں، لیکن عملی زندگی میں یہ خواب حقیقت کے برعکس نکلا۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ’365 نیوز‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں بشریٰ انصاری نے بتایا کہ وہ کبھی بھی نو عمر اداکاروں کو نہیں ڈانٹتیں، کیونکہ جب وہ اپنے بچوں کو نہیں ڈانٹتیں تو کسی اور کو کیوں ڈانٹیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ ڈراما سیریل ’آنگن ٹیڑھا‘ کی شوٹنگ کر رہی تھیں تو اس دوران ایک دن اداکار سلیم ناصر نے انہیں کسی بات پر ڈانٹ دیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔

اداکارہ کے مطابق ان کا دل بہت کمزور ہے، اگر کوئی اونچی آواز میں بھی بات کرتا ہے تو وہ ڈر جاتی ہیں۔

شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ بچپن ہی سے انہوں نے اپنے والدین کو ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام سے پیش آتے دیکھا اور یہی سوچ ان کے ذہن میں بھی پروان چڑھی کہ شادی کے بعد سب کچھ اچھا ہوتا ہے۔

ان کے مطابق حقیقت اس کے بالکل برعکس ہوتی ہے، وہ اور ان کی بہنیں اکثر یہ شکوہ کرتی تھیں کہ ابا نے ہمارے ساتھ زیادتی کی کیونکہ ہم سمجھتے تھے کہ شادی پریوں کی کہانیوں جیسی ہوتی ہے، لیکن جب شادی ہوئی تو سب کچھ الٹ نکلا۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ ان کے پہلے شوہر اقبال انصاری ایک بہت اچھے انسان اور ہدایتکار ہیں، لیکن فطری طور پر وہ بھی ایک روایتی پاکستانی مرد کی مانند تھے۔

ان کے مطابق روایتی پاکستانی مردوں کی تربیت میں اصل قصور ان کی ماؤں کا ہوتا ہے، کیونکہ وہ ان کی پرورش ایسے کرتی ہیں کہ اگر لڑکا ہے تو وہ گھر کا کام نہیں کرے گا، بلکہ اسے گھر میں ایک خاص مقام دیا جاتا ہے، جب کہ لڑکیوں کو یہی سکھایا جاتا ہے کہ بھائی نے کچھ نہیں کرنا، تم نے کام کرنا ہے۔

اداکارہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی معروف پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی اور 36 سال بعد 2020 میں دونوں میں طلاق ہوگئی، ان کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔

بعدازاں انہوں نے اداکار اقبال حسین سے دوسری شادی کرلی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025