بلوچستان: حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 5 ملزمان گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے بلوچستان زون نے کوئٹہ اور گوادر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ایجنسی کے بلوچستان زون کی جانب سے کوئٹہ اور گوادر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 5 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں۔
گرفتار ملزمان میں وسیم احمد، طارق احمد، عبدالخلیق، احمد اور مقصود شامل ہیں، ملزمان سے مجموعی طور پر 75 لاکھ 90 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے ہیں۔
ملزمان سے چیک بکس، موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ملزمان سے برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے تفتان بارڈر اور دیگر شہروں میں، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے کی کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔












لائیو ٹی وی