کراچی: کلفٹن میں اہلیہ سمیت قتل کیے گئے ساجد کے ورثا آج لاش وصول کرنے پہنچیں گے
کراچی کے علاقے کلفٹن چائنا پورٹ کے قریب اہلیہ سمیت قتل کیے گئے ساجد کے ورثا آج لاش وصول کرنے پہنچیں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق مرد اور خاتون کے قتل کیس کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے، مقتول ساجد کے ورثا آج لاش وصول کرنے پہنچیں گے، تاہم مقتولہ ثنا کے گھر والے اب تک لاش لینے نہیں آئے۔
دونوں میاں بیوی کی لاشیں 2 روز قبل کلفٹن میں چائنا پورٹ کے قریب سے ملی تھیں، دونوں کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا، دونوں کے سر میں گولیاں ماری گئی تھیں، کراچی پولیس نے گوجرانوالہ سے مقتولہ کے بھائی اور کزن کو گرفتار کرلیا تھا۔
شہر قائد میں کلفٹن چائنا پورٹ کے قریب سے ملنے والی لاشیں میاں بیوی کی نکلیں، پولیس نے مقتول جوڑے کا نکاح نامہ حاصل کرلیا جبکہ کراچی پولیس کی ٹیم نے گوجرانوالہ سے لڑکی کے بھائی سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ کراچی میں کلفٹن چائنا پورٹ کے قریب سے لاشیں ملنے کے بعد معلوم ہوا تھا کہ مقتولین میاں بیوی ہیں، دونوں نے 20 جولائی کو کورٹ میرج کی تھی۔
ساجد اور ثنا آصف کا آبائی تعلق گوجرانوالہ سے تھا، مقتولین گوجرانوالہ سے کراچی پہنچے اور مختلف علاقوں میں رہائش اختیار کی۔
ساجد مسیح نے 20 جولائی کو اسلام قبول کیا تھا، نکاح نامے کے مطابق ساجد کی عمر 28 سال اور ثنا کی عمر 25 سال تھی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی اسد رضا نے بتایا تھا کہ میاں بیوی کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا، دونوں کو سرکے پچھلے حصے پر ایک ایک گولی ماری گئی، جائے وقوع سے ایک موبائل ملا جس میں سم موجود نہیں تھی۔












لائیو ٹی وی