• KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C

کراچی: گھگھر پھاٹک کے قریب میاں بیوی اور بچے کا بے دردی سے قتل، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

شائع July 30, 2025 اپ ڈیٹ July 31, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب میاں بیوی اور ان کے بیٹے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ 30 سالہ عبدالمجید، 25 سالہ سکینہ اور ان کے 4 سالہ بیٹے عبدالنبی کو گھگھر پھاٹک کے قریب ایک گھر میں مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔

اسٹیل ٹاؤن کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) اسلم بِلّو نے ڈان کو بتایا کہ مبینہ قاتل (ابتدائی شناخت راجا کے والد کے نام سے ہوئی) نے مقتول عبدالمجید کے بھائی امام بخش کو فون کر کے بتایا کہ پورے خاندان کو مار دیا، اور ان سے کہا کہ وہ وہاں جائیں اور لاشوں کو دفن کر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتول عبدالمجید کے دوسرے بھائی قربان نے اپنے دوست منور ابڑو کو بذریعہ فون کہا کہ وہ میرے بھائی کے گھر جا کر حقائق معلوم کریں۔

دونوں بھائی مقتولین کے ساتھ رہتے تھے مگر حال ہی میں زرعی کاموں کے لیے لسبیلہ بلوچستان واپس چلے گئے تھے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ جب منور ابڑو گھر پہنچے تو دیکھا کہ وہاں تینوں افراد کا بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملتے ہی ملیر کے ایس ایس پی ڈاکٹر عبد الخالق پیرزادہ نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی تحقیقات کیں، تفتیش کاروں نے قتل میں استعمال ہونے والی دو کلہاڑیاں اور دیگر شواہد حاصل کیے۔

پولیس افسر اسلم بِلّو نے بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ جوڑے اور ان کے بیٹے کو قتل سے قبل نشہ آور دوا دی گئی ہو، کیونکہ پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ انہیں کسی قسم کا شور شرابہ سنائی نہیں دیا۔

ایس ایچ او کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ مقتول جوڑے نے لسبیلہ میں پسند کی شادی کی تھی جبکہ لڑکی کے والدین اس شادی کے مخالف تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جوڑا اور ان کا بیٹا شہر میں تقریباً 7 سے 8 ماہ قبل منتقل ہوئے تھے، پولیس کے مطابق کچھ اطلاعات ایسی بھی تھیں کہ لڑکی کے خاندان نے کسی ’سمجھوتے‘ پر پہنچنے کی کوشش کی تھی اور تقریباً ایک مہینے پہلے لڑکی کے والدین ان سے ملاقات کے لیے شہر آئے تھے۔

پولیس افسر کے مطابق مقتولہ کے بھائی کو گزشتہ روز مبینہ طور پر گھگھر پھاٹک سے کچھ خریدتے ہوئے دیکھا گیا تھا، ایسا لگتا ہے کہ رشتہ دار اور جوڑے کے درمیان اختلافات ختم نہیں ہو سکے تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ تینوں قتل ممکنہ طور پر لڑکی کے رشتہ داروں نے کیے، مگر پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے لیے وارثوں کا انتظار کر رہی ہے تاکہ قانونی کارروائی شروع کی جا سکے۔

لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا نوٹس

دریں اثنا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھگھر پھاٹک کے قریب تین افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات اور واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات دیے۔

ادھر، صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے بھی اس گھناؤنے قتل کی تحقیقات کا حکم دیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کر دی، انہوں نے علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے بھی اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025