• KHI: Partly Cloudy 16.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C

تاریخی تجارتی معاہدے کی منظوری میں قائدانہ کردار پر صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں، وزیراعظم

شائع July 31, 2025
تاریخی تجارتی معاہدے کا اعلان امریکی صدر نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا تھا
— فائل فوٹو: رائٹرز
تاریخی تجارتی معاہدے کا اعلان امریکی صدر نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا تھا — فائل فوٹو: رائٹرز

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تاریخی تجارتی معاہدے کی حتمی منظوری میں قائدانہ کردار کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے لکھا کہ تاریخی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو وسعت دے گا۔

شہباز شریف نے پوسٹ میں تحریر کیا کہ یہ تجارتی معاہدہ آنے والے دنوں میں مشترکہ شراکت داری کو مزید تقویت دے گا۔

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کا بھی اظہار مسرت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے ہونے کے اعلان کے بعد نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے اظہار مسرت کیا ہے۔

انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’الحمدللہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے‘۔

اسحٰق ڈار نے ایکس پر پوسٹ میں امریکی صدر کے ٹروتھ سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ بھی منسلک کی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے، اس معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ، منڈی تک رسائی کو بڑھانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران ہوئی۔

ملاقات میں سیکریٹری تجارت جواد پال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے، اس معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔

پاک-امریکا معاہدے کے نتیجے میں باہمی ٹیرف خاص طور پر امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر لگنے والے ٹیرف میں کمی آئے گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان اہم اقتصادی شعبوں خاص طور پر توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی اور دیگر میں اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کا باعث بنے گا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025