پاکستان کا کوک اسٹوڈیو بھارت سے اچھا کیوں ہوتا ہے؟ شلپا راؤ نے بتادیا
ماضی میں پاکستانی کوک اسٹوڈیو میں ’پار چناں دے‘ میں پاکستانی میوزیکل بینڈ ’نوری‘ کے ساتھ پرفارمنس کرنے والی بھارتی گلوکارہ شلپا راؤ نے بتادیا کہ پاکستانی کوک اسٹوڈیو بھارتی کوک اسٹوڈیو سے بہتر کیوں ہوتا ہے؟
شلپا راؤ مقبول گلوکارہ ہیں، جنہوں نے متعدد معروف بولی وڈ گانے گائے جب کہ وہ کوک اسٹوڈیو بھارت سمیت دیگر میوزیکل شوز میں بھی پرفارمنس کر چکی ہیں۔
شلپا راؤ نے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 9‘ پاکستان میں بھی نوری بینڈ کے ساتھ مقبول گانے ’پار چناں دے‘ میں پرفارمنس کی تھی اور ان کی گلوکاری کو سراہا بھی گیا تھا۔
چند ماہ قبل انہوں نے بھارتی ٹی وی شو میں پاکستانی اور بھارتی کوک اسٹوڈیو کے موازنے پر بات کی تھی، جن کی ویڈیو حال ہی میں وائرل ہوگئی اور گلوکارہ کے جواب نے کئی لوگوں کو حیران کیا۔
شلپا راؤ نے مذکورہ پروگرام میں فریدہ خانم اور اقبال بانو کو اپنی پسندیدہ ترین گلوکارائیں بھی قرار دیا تھا۔
بھارتی گلوکارہ نے ’دشت تنہائی اور ہم دیکھیں گے‘ گانوں کو اپنے پسندیدہ ترین گانے بھی قرار دیا تھا۔
پروگرام کے دوران میزبان نے جب ان سے پوچھا کہ ’کم بخت پاکستانیوں کا کوک اسٹوڈیو بھارت سے بہتر کیوں ہوتا ہے؟ ان کے پاس ایسی کیا چیز ہے جو انہیں ہم سے بہتر بناتی ہے؟‘
میزبان نے سوال کرتے ہوئے اعتراف بھی کیا کہ پاکستانی کوک اسٹوڈیو کا نہ صرف میوزک اچھا ہوتا ہے بلکہ شاعری، لائٹنگ اور سیٹ بھی اچھا ہوتا ہے۔
اس پر شلپا راؤ نے جواب دیا کہ پاکستانیوں کے لیے کوک اسٹوڈیو سب سے اہم اور مرکزی چیز ہے، جس وجہ سے ان کا کوک اسٹوڈیو ہم سے بہتر ہوتا ہے۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں کوک اسٹوڈیو کو اہمیت نہیں دی جاتی، اسے دوسرے منصوبوں کی طرح ایک منصوبہ سمجھا جاتا ہے جب کہ پاکستان میں کوک اسٹوڈیو کو کافی اہمیت دی جاتی ہے۔
شلپا راؤ کی جانب سے کوک اسٹوڈیو کو پاکستان کے لیے سب سے اہم منصوبہ قرار دینے پر صارفین ان سے ناراض بھی دکھائی دیے اور کہا کہ گلوکارہ کو مذاق اڑانے کے بجائے پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرنا چاہیے تھا۔












لائیو ٹی وی