گلگت بلتستان میں 5 تا 7 اگست تک بارشوں کا الرٹ جاری
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) نے 5 سے 7 اگست تک گلگت بلتستان کے 9 اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے حوالے سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ 5 تا 7 اگست کے درمیان استور، دیامر، گلگت، غذر، شگر، اسکردو، گانچھے اور ہنزہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
مزید بتایا کہ بارشوں سے سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات درپیش ہونے کا خدشہ ہے، ویدر الرٹ میں بارشوں سے گھر ،بجلی کے کھمبے اور دیواریں گرنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ 4 اگست سے مون سون ہوائیں کم شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، 5 اگست کے بعد مغربی ہوائیں علاقوں کی طرف بڑھیں گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی وادی اشکومن میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلاب آگیا تھا، جس نے درجنوں گھروں، دکانوں اور اہم بنیادی ڈھانچے، بشمول ایک پاور اسٹیشن کو نقصان پہنچایا تھا۔
جی بی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ فیض آباد اور دادا آباد دیہات کے 8 مختلف مقامات پر اچانک سیلاب آیا تھا
اتھارٹی نے رپورٹ کیا تھا کہ اس سیلاب نے 22 گھروں اور 18 دکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جبکہ 42 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور مزید 65 گھروں میں پانی داخل ہو گیا تھا۔












لائیو ٹی وی