حمیرا اصغر کی والدہ کس طرح کی ماں ہیں کہ بیٹی کی دو عیدوں پر بھی خبر نہ لی، غزالہ جاوید
سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے گزشتہ ماہ مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی والدہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ وہ کس طرح کی ماں تھیں، جنہوں نے دو عیدیں گزر جانے کے باوجود بیٹی کی خبر تک نہ لی؟
غزالہ جاوید نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دران انہوں نے اداکارہ حمیرا اصغر کی والدہ کی جانب سے کراچی کے لوگوں کو برا بھلا کہنے پر بھی لب کشائی کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر کی والدہ کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ کراچی کے لوگوں کو برا بھلا کہیں، وہ خود بتائیں کہ انہوں نے ماں ہونے کے باوجود بیٹی کی خبر کیوں نہ لی؟
انہوں نے کہا کہ ان کی اپنی بیٹیاں بھی ہیں اور وہ شادی شدہ ہیں لیکن اگر وہ اپنے گھر میں بھی بیمار ہوجاتی ہیں تو انہیں نیند تک نہیں آتی۔
ان کے مطابق وہ بطور ماں بیٹیوں کی خبر رکھتی ہیں اور ماں ایسی چیز ہوتی ہے، جسے پہلے ہی معلوم ہوجاتا ہے کہ اس کی اولاد مشکل میں ہے۔
غزالہ جاوید نے سوال اٹھایا کہ حمیرا اصغر کے والدین اور بھائیوں نے ان کی خبر تک نہ لی جو کہ بہت افسوس کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حمیرا اصغر غلط کام کر رہی ہوتیں تو ان کے پاس اپنی گاڑی، اپنا گھر ہوتا، وہ کرائے کے گھر میں نہ رہتیں اور رکشوں پر سفر نہ کرتیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر بہت خوبصورت اور اعلٰی تعلیم یافتہ تھیں اگر وہ چاہتیں تو غلط کام کا انتخاب کر سکتی تھیں اور پھر انہیں کسی چیز کی کمی نہ ہوتی، ان کے پاس اپنی گاڑٓی بھی ہوتی۔
اداکارہ نے کہا کہ جن لڑکیوں کے بوائے فرینڈز ہوتے ہیں، جو نشہ کرتی ہیں اور جو غلط کام کرتی ہیں، ان کے پاس اپنی گاڑیاں اور گھر ہوتے ہیں، وہ کام نہیں کرتیں، حمیرا اصغر ایسی نہیں تھیں۔
انہوں نے حمیرا اصغر کی والدہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماں ہونے کے باوجود دو عیدیں گزر جانے پر بھی بیٹی کی خبر نہ لی اور پھر وہ کراچی کے لوگوں کو برا بھلا کہ رہی ہیں؟
انہوں نے والدہ حمیرا اصغر سے سوال کیا کہ وہ کس طرح کی ماں ہیں کہ انہوں نے بیٹی کی خبر تک نہ رکھی اور انہیں بیٹی کے ساتھ غلط ہونے کا احساس تک نہ ہوا؟
خیال رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر 8 جولائی 2025 کو کراچی کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملی تھیں، پوسٹ مارٹم اور پولیس کی تفتیش کے مطابق اداکارہ کی ممکنہ موت 7 اکتوبر 2024 کو ہوئی ہوگی۔
اداکارہ کی لاش فلیٹ سے تقریبا 9 ماہ بعد ملی تھی اور ان کی تدفین آبائی شہر لاہور میں 11 جولائی کو کی گئی تھی۔











لائیو ٹی وی