پاکستان نے ایران اور خلیجی ممالک کیلئے پہلے فیری لائسنس کی منظوری دے دی

شائع August 4, 2025
فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

وزارت بحری امور نے پہلی بار بین الاقوامی فیری آپریٹر کو لائسنس جاری کردیا، کمپنی پاکستان کو ایران اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی ) ممالک سے ملانے والے راستوں پر فیری سروس چلائے گی۔

گزشتہ ماہ، وزارت نے گوادر بندرگاہ کی عملی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس میں مزید شپنگ لائنز متعارف کرانے اور پاکستان کو خلیجی ممالک سے جوڑنے والی فیری سروس شروع کرنے کا اعلان شامل تھا۔

یہ منظوری وزارت بحری امور، وزارت دفاع، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور بندرگاہ و شپنگ حکام کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی لائسنسنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد دی گئی۔

وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ یہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن اور پاکستان کی نیشنل میری ٹائم پالیسی سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ لائسنس سمندری راستوں کے ذریعے علاقائی رابطے، مذہبی سیاحت اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

یہ نئی فیری سروس ایران اور عراق کا سفر کرنے والے زائرین اور خلیجی ممالک جانے والے مزدوروں اور سیاحوں سمیت سالانہ لاکھوں مسافروں کو خدمات فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ’ فیری سروس سے زمینی راستوں پر دباؤ کم ہوگا اور فضائی سفر کے مقابلے میں پاکستانی تارکین وطن اور مذہبی زائرین کے لیے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ ’

وفاقی وزیر برائےبحری امور نے کہا کہ’ ابتدائی آپریشن کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں سے جدید فیری جہازوں کے ذریعے شروع ہوں گے، جن میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ محفوظ اور سستا سفر یقینی بنایا جاسکے، راستوں اور بندرگاہوں کی تعداد میں اضافہ طلب اور باہمی معاہدوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔’

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس فیری سروس کا آغاز پاکستان کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد بلیو اکانومی کو ترقی دینا، تجارتی لاجسٹکس کو بہتر بنانا، اور بحری سیاحت کو فروغ دینا ہے، جو علاقائی سمندری نقل و حمل کے پائیدار ڈھانچے کے لیے نئے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘

گزشتہ ہفتے، اربعین، یعنی حضرت امام حسینؓ کے چہلم، کے دوران زائرین کے لیے ایران جانے پر حکومت کی طرف سے زمینی سفر پر پابندی کے فیصلے پر مذاکراتی تعطل کے درمیان، وزارت بحری امور زائرین کے لیے ایران اور عراق جانے کے لیے فیری سروس شروع کرنے پر غور کر رہی تھی۔

وزارت بحری امور کے مطابقگزشتہ ماہ، پانچ نجی کمپنیوں نے گوادر سے خلیجی خطے کے لیے نئی اعلان کردہ فیری سروس کے لیے ممکنہ راستوں کی تجاویز دی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025