کرک: ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ، 3 اہلکار اور ڈرائیور شہید
کرک میں ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر فتنۃ الخوارج کے حملے میں 3 اہلکار اور ڈرائیور شہید ہوگئے، وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق کرک میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار ڈرائیور شہید ہوگئے۔
شہدا میں لانس نائیک محمود شاہ، سپاہی شاہد، سپاہی رؤف اور ڈرائیو شاہ پور شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملنے پر فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کرک میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا تھا، جو کوہِ میدان کے علاقے میں ایک پولیس چوکی پر تعینات تھا، حملہ آور فائرنگ کے بعد پہاڑوں کی جانب فرار ہو گئے تھے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلی نے حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد کی شہادت پر ان کے ورثا سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرک میں ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے کی شدی مذمت کی ہے، محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شہدا کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔












لائیو ٹی وی