• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے دبئی میں ’پاکستان مارٹ‘ قائم کیا جائے گا، وفاقی وزیر تجارت

شائع August 6, 2025 اپ ڈیٹ August 7, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ملکی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے دبئی میں ایک ’ پاکستان مارٹ’ قائم کیا جائے گا۔

سرکاری میڈیا، ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات ہیں، یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار اور زرمبادلہ بھیجنے والا اہم ملک ہے، جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی تارکین وطن مقیم ہیں اور کام کر رہے ہیں۔

اس منصوبے کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال خان نے اسے ’پاکستانی تجارت میں اضافے کے لیے گیم چینجر‘ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ پاکستان مارٹ پاکستانی تاجروں کو سہولت فراہم کرے گا، جس سے وہ اپنی مصنوعات دنیا کے مختلف خطوں کو برآمد کر سکیں گے۔’

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ’ یہ منصوبہ پاکستان کی نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور متحدہ عرب امارات کی ڈی پی ورلڈ کمپنی کی سربراہی میں مکمل کیا جائے گا۔’

گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، پاکستان کی یو اے ای کو اہم برآمدی اشیا میں چاول، گائے کا گوشت، کپاس کے ملبوسات، آم اور امرود شامل ہیں۔

مالی سال 2025 میں یو اے ای کو برآمدات 1.87 فیصد اضافے سے 2.121 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو پچھلے سال 2.082 ارب ڈالر تھیں۔

مالی سال 2024 میں یو اے ای کو برآمدات میں 41.15 فیصد اضافہ ہوا تھا، جس کی بڑی وجہ دبئی کو کی جانے والی برآمدات میں اضافہ تھا۔

مالی سال 2025 میں یو اے ای سے درآمدات میں 25.75 فیصد اضافہ ہوا، جو 7.958 ارب ڈالر ہو گئیں، جو گذشتہ برس 6.328 ارب ڈالر تھیں۔

مجموعی طور پر، مشرق وسطیٰ کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ مالی سال 2025 میں 7.37 فیصد بڑھ کر 13.974 ارب ڈالر ہو گیا، جو گزشتہ سال 13.014 ارب ڈالر تھا، اور اس کی بنیادی وجہ تیل کی درآمدات میں ہونےو الا تیزی سے اضافہ تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025