کراچی: پہلوان گوٹھ میں فائرنگ سے 2 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج
کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں فائرنگ سے دو نوجوانوں کے جاں بحق اور تین افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں دو روز قبل فائرنگ سے دو نوجوانوں کے جاں بحق اور تین افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ مقتول مظہر عباس کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں درج ہے کہ میں امام بارگاہ سےگھرکی طرف جارہا تھا کہ اطلاع ملی کہ فائرنگ ہوئی ہے، میں پہنچا تو دیکھا کہ میرا بیٹا مظہر عباس، علی جواد اور ان کے تین دوست زخمی تھے۔
مزید کہا گیا کہ ہم نے چنگچی رکشوں کی مدد سے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے میرے بیٹے اور علی جواد کی موت کی تصدیق کردی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے وقت میرا بیٹا دوستوں کے ساتھ دکان کے باہر کرسیوں پر بیٹھا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے آکر فائرنگ کردی۔
مزید کہا گیا ہے کہ دو ملزمان قمیض شلوار اور دوشرٹ میں ملبوس تھے۔












لائیو ٹی وی