ہولی وڈ اداکارہ کیلی میک کینسر کے باعث انتقال کر گئیں
ہولی وڈ اداکارہ کیلی کلیبینو المعرف کیلی میک کینسر کی سنگین قسم کا شکار ہوکر انتقال کر گئیں، آخری لمحات میں وہ گھر میں لاعلاج تھیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’این بی سی‘ کے مطابق کیلی میک کے اہل خانہ نے تصدیق کی کہ اداکارہ پرسکون انداز میں گھر میں ہی چل بسیں، وہ ’مرکزی اعصابی نظام کے گلائیوما‘ نامی موذی مرض سے لڑ رہی تھیں۔
جنوری میں کیلی میک نے بتایا تھا کہ ان میں ’ڈیفیوژ مِڈلائن گلائیوما‘ کی تشخیص ہوئی ہے جو دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں پیدا ہونے والا ایک نایاب اور خطرناک قسم کا کینسر ہے، اس بیماری کا علاج عام طور پر سرجری، ریڈی ایشن اور کیموتھراپی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔
انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں میک نے بتایا تھا کہ گزشتہ سال کے آخر میں انہیں کمر میں مسلسل درد محسوس ہوا، جسے انہوں نے ابتدا میں سلپ ڈسک سمجھا، بعد ازاں ان کی ٹانگ میں شدید جلن اور درد شروع ہوا، یہاں تک کہ لیٹنا بھی ممکن نہ رہا اور انہیں مہینوں تک ری کلائنر پر سونا پڑا۔
اداکارہ نے بتایا تھا کہ بالآخرایک دن انہوں نے ایم آر آئی اسکین کرایا، جس کے ذریعے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں ایک غیرمعمولی گلٹی کا انکشاف ہوا۔
کیلی میک نے اس وقت بتایا تھا کہ وہ ریڈی ایشن تھراپی حاصل کر رہی ہیں، جب کہ انہون نے اپنے خاندان اور بوائے فرینڈ کی بے پناہ محبت اور حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
اداکارہ نے جذباتی پوسٹ لکھتے ہوئے لکھا تھا کہ بیماری کی تشخیص کے بعد ان کا بہت جذباتی، جسمانی اور ذہنی طور پر تھکا دینے والا وقت آیا لیکن بیماری کی تشخیص نے انہیں خدا کے قریب کر دیا ہے اور وہ اُس کے فیصلے پر کامل یقین رکھتی ہیں۔
مارچ میں میک نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ سیڑھیاں چڑھتی نظر آئیں، اور اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
تاہم اب ان کے اہل خانہ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اداکارہ کے انتقال کی تصدیق کردی۔
کیلی میک نے 2018 سے 2019 تک ’دی واکنگ ڈیڈ‘ کے نویں سیزن میں ایڈی کا کردار ادا کیا، وہ ’شکاگو میڈ‘ (2022)، اور حالیہ فلموں ’مسٹر مین ہیٹن‘ اور ’ڈیلیکٹ آرچ‘ (2024) میں بھی نظر آئیں۔
اپنی آخری انسٹاگرام پوسٹس میں وہ 2025 میں آنے والی فلم ’یونیورسل‘ کی پروموشن کرتی دکھائی دی تھیں۔











لائیو ٹی وی