کوئی غلط کام نہ کرنے کی یقین دہانی پر گلوکاری کی اجازت ملی، حمیرا ارشد
ماضی کی مقبول پلے بیک سنگر حمیرا ارشد نے انکشاف کیا ہے کہ کوئی غلط کام نہ کرنے کی یقین دہانی پر والدین نے انہیں گلوکاری کی اجازت دی، والد ان کی گلوکاری کی وجہ سے ناراض ہوکر گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
حمیرا ارشد نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
گلوکارہ نے بتایا کہ انہیں کم عمری سے ہی گلوکاری کا شوق تھا، وہ خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں اور استاد نصرت فتح علی خان جیسے گلوکاروں سے بھی سیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں سے نصرت فتح علی خان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔
حمیرا ارشد کے مطابق وہ استاد نصرت فتح علی خان کی شاگرد بننا چاہتی تھیں لیکن ملکہ ترنم نورجہاں نے انہیں اپنا شاگرد بننے کی پیش کش کی، جسے انہوں نے مسترد کیا۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے انکار پر ملکہ ترنم ناراض ہوئیں اور انہیں جھاڑ پلادی اور کہا کہ اگر وہ ان کی شاگرد نہیں بنتیں تو پھر ان کے تیار کردہ گانے بھی کبھی نہ گائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں متعدد فلموں اور ڈراموں میں کام کی پیش کش ہوئی لیکن انہیں اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔
ان کے مطابق انہیں صرف گلوکاری کا شوق تھا، اس لیے انہون نے درجنوں فلموں کے گانے بھی گائے لیکن اداکاری میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں تھی۔
حمیرا ارشد کا کہنا تھا کہ وہ تنہائی پسند ہیں اور وہ سیکھنے کی غرض سے کرائم انویسٹی گیٹو ٹی وی پروگرامات دیکھتی رہتی ہیں۔
گلوکاری کی اجازت کس طرح ملی کے سوال پر گلوکارہ نے بتایا کہ ان کی گلوکاری کرنے پر ان کے والد تک گھر چھوڑ گئے تھے جب کہ رشتے داروں نے بھی ان کے خاندان سے تعلق توڑ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے والد سخت مزاج تھے، ان کی گلوکاری پر ناراض ہوئے اور گھر چھوڑ کر چلے گئے جب کہ قریبی رشتے داروں نے بھی ان کا بائیکاٹ کیا۔
گلوکارہ نے بتایا کہ انہوں نے والد کے مرشد کو والد سے گلوکاری کی اجازت لے کر دینے کی اپیل کی اور والد نے مرشد کے کہنے اور ان کی کسی غلط کام نہ کرنے کی گارنٹی کے بعد گلوکاری کی اجازت دی۔
حمیرا ارشد کا کہنا تھا کہ انہوں نے والدین کو بتایا کہ وہ ایسا کوئی غلط کام نہیں کریں گی، جس سے انہیں شرمندگی ہو اور ان کا نام بدنام ہو، وہ صرف گلوکاری کریں گی، جس پر ان کے والدین رضامند ہوگئے۔











لائیو ٹی وی