بولی وڈ اداکارہ ہما قریشی کے کزن کو قتل کردیا گیا
بولی وڈ کی بولڈ مسلمان اداکارہ ہما قریشی کے کزن کو گاڑی پارکنگ کے چھوٹے تنازع کا بہانا بنا کر ہندو نوجوانوں کی جانب سے قتل کردیا گیا۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ شادیز‘ کے مطابق ہما قریشی کے کزن آصف قریشی دہلی کے معروف علاقے میں رہائش پذیر تھے، جہاں ملزمان نے انہیں گھر کے باہر ہی پارکنگ کرنے سے منع کرنے پر حملہ کرکے قتل کیا۔
اداکارہ کے کزن نے گھر کے سامنے اسکوٹر پارک کرنے والے ہندو نوجوانوں کو دروازے کے سامنے اسکوٹر پارک کرنے سے روکا، جس پر ہندو نوجوان طیش میں آگئے اور ان پر حملہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ماضی میں بھی آصف قریشی مذکورہ دونوں افراد کو گھر کے دروازے کے سامنے اسکوٹر یا گاڑی کھڑی کرنے سے روکتے آئے ہیں، جس پر پہلے بھی کشیدگی ہوچکی تھی لیکن اس بار پارکنگ کے تنازع کو بہانا بنا کر ہندو نوجوانوں نے اداکارہ کے کزن کو قتل کردیا۔
دونوں ہندووں نے چاقو سمیت دیگر آلات سے حملہ کرکے آصف قریشی کو شدید زخمی کردیا، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ چل بسے۔
مارے گئے آصف قریشی کی بیوی نے میڈیا کو بتایا کہ ہندو نوجوانوں نے جان بوجھ کر منظم انداز میں ان کے شوہر کو قتل کیا، پہلے بھی وہ انہیں دھمکیاں دیتے رہے تھے۔
مقتول کی بیوہ نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
دوسری جانب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آصف قریشی کو قتل کرنے والے دونوں ہندو ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔
کزن کو قتل کیے جانے کے معاملے پر تاحال ہما قریشی کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم اداکارہ کے کزن کے قتل پر بولی وڈ کے مسلمان اداکاروں میں خوف چھاگیا۔
ہما قریشی کے کزن سے قتل سے قبل بھی متعدد مسلمان شوبز شخصیات اور ان کے قریبی رشتے داروں پر حملے کیے جا چکے ہیں، جنوری 2025 میں سیف علی خان جیسے مقبول ترین اداکار پر بھی ہندو حملہ آور نے گھر میں گھس کر ان پر چاقو کے وار کیے تھے۔
سلمان خان سمیت دیگر مسلمان اداکاروں کے گھر کے قریب بھی فائرنگ سمیت حملوں کے دیگر واقعات رونما ہوچکے ہیں۔











لائیو ٹی وی