دوران حمل شوٹنگ کے وقت ڈاکٹر کے پاس جانے کی اجازت تک نہ دی جاتی تھی، رادھیکا آپٹے
منفرد کرداروں کی وجہ سے شہرت حاصل رکھنے والی بولی وڈ اداکارہ رادھیکا آپٹے نے انکشاف کیا ہے کہ دوران حمل شوٹنگ کے وقت انہیں کوئی پیچیدگی یا درد ہونے پر بھی ڈاکٹر کے پاس جانے کی اجازت نہ دی جاتی تھی۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ شادیز‘ کے مطابق اداکارہ نے نیہا دھوپیا کے ساتھ انسٹاگرام کے لائیو سیشن میں بات کرتے ہوئے دوران حمل شوٹنگ کے وقت پیش آنے والی مشکلات اور انڈسٹری کے رویوں پر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بولی وڈ اور ہولی وڈ میں پروفیشنل ازم میں زمین و آسمان کا فرق ہے، ہولی وڈ میں عزت اور احترام دیا جاتا ہے، وہ مسائل کو سمجھتے ہیں جب کہ بولی وڈ میں مسائل بڑھائے جاتے ہیں۔
انہوں نے اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ حاملہ ہوئیں تو انہوں نے اپنے تمام فلم ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز کو آگاہ کیا، تاکہ کام کے دوران کوئی مسئلہ نہ ہو۔
رادھیکا آپٹے کا کہنا تھا کہ حمل ٹھہرنے کے وقت وہ ایک ہولی وڈ منصوبے میں بھی کام کر رہی تھیں اور انہوں نے جب فلم ساز کو حاملہ ہونے کا بتایا تو وہ خوش ہوئے اور انہیں تسلی دی کہ کچھ نہیں ہوگا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے ہولی وڈ فلم ساز کو بتایا کہ حمل کی وجہ سے وہ منصوبے کے اختتام تک شاید ویسی نظر نہ آئیں، جیسی اب دکھتی ہیں، اس پر فلم ساز نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کوئی بات نہیں، حمل کے دوران ایسی چیزیں ہوتی ہیں، آپ پریشان نہ ہوں، آپ کے ساتھ منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
اداکارہ نے شکوہ کیا کہ لیکن جب انہوں نے بولی وڈ والوں کو اپنے حمل کا بتایا تو ایک پروڈیوسر خوش نہیں ہوئے اور ان کے لیے مزید سختیاں کردیں۔
رادھیکا آپٹے نے بتایا کہ مذکورہ پروڈیوسر نے شوٹنگ کے دوران اس بات کو یقینی بنایا کہ اداکارہ دوران حمل انتہائی تنگ کپڑے پہن کر آئیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ حمل کی وجہ سے انہیں تنگ اور مختصر لباس پہننے میں مشکلات ہوتی تھیں لیکن اس باوجود پروڈیوسر انہیں انتہائی تنگ لباس پہن کر آنے کا کہتے تھے، جس سے ان کی پریشانیاں بڑھیں۔
اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ حمل کی وجہ سے کبھی کبھار شوٹنگ کے دوران ہی ان کی طبیعت خراب ہوجاتی تھی اور انہیں درد کی شکایت ہوتی تھی لیکن انہیں ڈاکٹر کے پاس جانے کی اجازت تک نہیں دی جاتی تھی۔
اگرچہ رادھیکا آپٹے نے شکوہ کیا کہ دوران حمل شوٹنگ کے وقت ان کے ساتھ سخت اور نامناسب رویہ اختیار کیا گیا، تاہم انہوں نے کسی پروڈیوسر کا نام نہیں بتایا۔
خیال رہے کہ رادھیکا آپٹے کے ہاں دسمبر 2024 میں شادی کے تقریبا 12 سال بعد پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
رادھیکا آپٹے نے 2012 میں کیریئر کے آغاز میں ہی خاموشی سے برطانوی بوائے فرینڈ بینڈکٹ ٹیلر سے شادی کرلی تھی اور بعد میں میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ اپنی شادی کی تصاویر کھچوانا بھول گئیں۔











لائیو ٹی وی