• KHI: Partly Cloudy 19.3°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.3°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.1°C

سینئر اداکار نے شوٹنگ کے دوران جوتے اٹھا کر لانے کا کہا، سلیم معراج

شائع August 9, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مقبول اداکار سلیم معراج نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں ایک سینئر اداکار نے شوٹنگ کے دوران نہ صرف آستین کے بٹن بند کروائے بلکہ انہیں دور رکھے ہوئے اپنے جوتے بھی لانے کا حکم دیا۔

سلیم معراج نے ’نیو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے دیگر معاملات سمیت سینئر اور جونیئر اداکاروں کے رویے پر بھی بات کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اگرچہ جونیئر اور نئے اداکاروں سے دور رہنا غلط بات ہے لیکن کسی حد تک سینئر اداکار نئے فنکاروں سے دور رہ کر اچھا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے اداکار اور جونیئر اداکار میں فرق ہوتا ہے، دونوں میں فرق کرنا چاہیے لیکن اگر ایسے اداکاروں کو زیادہ عزت اور محبت دی جائے تو وہ اس کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں۔

ان کے مطابق اگر نئے اور جونیئر اداکاروں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھا جائے تو ایسے لوگ اپنی جگہ بھول جاتے ہیں اور پھر وہ سینئرز کو عزت نہیں دینے لگتے۔

سلیم معراج نے ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بعض ڈراموں کے دوران نئے اور جونیئر اداکار انہیں بتاتے رہے ہیں کہ انہوں نے ہدایت کار یا پروڈیوسر کو انہیں کاسٹ کرنے کا کہا اور وہ ان کی فرمائش پر کاسٹ کیے گئے۔

اداکار کے مطابق نئے لوگوں کو زیادہ عزت دینے سے ایسے لوگ اپنی جگہ بھول کر خود کو سینئر سے آگے سمجھنے لگتے ہیں، جس پر بعد میں سینئرز کو دکھ بھی ہوتا ہے۔

اسی دوران انہوں نے سینئر اداکاروں کے نامناسب رویے پر بھی بات کی اور کہا کہ سینئرز کو نامناسب رویہ بھی اختیار نہیں کرنا چاہیے۔

سلیم معراج نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں انہوں نے ایک سینئر اداکار کے ساتھ کام کیا، جن کی وہ بہت عزت کرتے تھے، وہ کافی سینئر تھے، اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے لیکن انہوں نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔

ان کے مطابق سینئر اداکار نے شوٹنگ کے دوران پہلے انہیں پاس بلا کر آستین کے بٹن بند کرنے کی ہدایت کی اور بعد ازاں انہیں دور رکھے اپنے جوتے لانے کا حکم دیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ سینئر اداکار کی جانب سے جوتے لانے کے حکم پر انہیں شروع میں بہت غصہ آیا لیکن انہوں نے ان کی عزت کرتے ہوئے انہیں جوتے لاکر دیے۔

انہوں نے بتایا کہ سینئر اداکار کی جانب سے جوتے لاکر کہنے کی بات کے بعد وہ ان کی نظروں میں چھوٹے بن گئے اور پھر چند ماہ بعد وہی اداکار ان کے ساتھ کسی اور ڈرامے میں کام کرنے کے دوران ان کے ساتھ ہی بیٹھ کر باتیں کرتے رہے۔

سلیم معراج کا کہنا تھا کہ جس طرح ان کے ساتھ سینئر اداکار نے رویہ اختیار کیا، وہ کبھی ایسا رویہ اپنے جونیئر اداکاروں کے ساتھ نہیں کر سکتے۔

اگرچہ انہوں نے سینئر اداکار کے رویے کا شکوہ کیا لیکن انہوں نے سینئر اداکار کا نام نہیں بتایا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025