عامر خان کو ’بونا‘ دوسرے اداکار کو ’گنجا‘ کہنے پر رجنی کانت کو تنقید کا سامنا

شائع August 12, 2025
فوٹو: فیس بیک
فوٹو: فیس بیک

بھارتی سپر اسٹار رجنی کانت کی اپنی آنے والی ایکشن فلم ’قلی‘ کے ساتھی اداکاروں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو ’بونا‘ اور تامل اداکار سوبین شاہر کو ’گنجا‘ کہنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ لائف‘ کے مطابق رجنی کانت نے اپنی فلم کی پروموشن کی ایک تقریب میں تقریبا ایک گھنٹے کی تقریر کی، جس میں انہوں نے اگرچہ عامر خان سمیت دیگر اداکاروں کی تعریفیں کیں لیکن انہوں نے تعریف کے لیے مناسب الفاظ کا انتخاب نہ کیا۔

تقریب کے دوران رجنی کانت نے فلم اور اپنے ساتھی اداکاروں کے بارے میں کھل کر بات کی لیکن ان کے چند الفاظ ناظرین کو پسند نہ آئے۔

تقریب میں رجنی کانت نے فلم میں ساتھ کام کرنے والے تامل اداکار سوبین شاہر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شک تھا کہ آیا وہ اس کردار کے لیے موزوں ہوں گے یا نہیں۔

انہوں نے سوبین شاہر کی اداکاری کی تعریف تو کی لیکن ان کے الفاظ نے کافی توجہ حاصل کی۔

رجنی کانت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اداکار کی قابلیت پر شک تھا اور انہوں نے ان سے متعلق یہ بھی پوچھا کہ کیا وہ اس کردار کے لیے موزوں ہوں گے کیونکہ وہ ’گنجے‘ ہیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ لیکن وہ بعد میں خاموش ہوگئے کیونکہ فلم کے ہدایت کار کو سوبین شاہر پر ن پر مکمل اعتماد تھا۔

رجنی کانت نے تسلین کیا کہ انہوں نے جب سوبین شاہر کے سینز دیکھے تو وہ حیران رہ گئے۔

اسی طرح انہوں نے عامر خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب فلم ساز لوکیش کنگراج نے عامر خان کو ان کی فلم کے ایک کردار کے لیے منتخب کیا تو وہ خاموش ہوگئے۔

انہوں نے مذاقا کہا کہ عامر خان باکمال شخص ہیں اور وہ کسی اسکرپٹ کو قبول کرنے میں کافی وقت لیتے ہیں اور یہ وہ ’چھوٹے قد‘ کے حامل بھی ہیں۔

رجنی کانت نے بعد میں عامر کی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل کمال ہاسن کی طرح ہیں، وہ شمالی ہندوستان میں ایک بڑا نام ہیں، ایک طرف سلمان خان ہیں اور دوسری طرف شاہ رخ خان لیکن عامر ان سب کے درمیان اپنے ’چھوٹے قد‘ کے باوجود بلند مقام رکھتے ہیں۔

انہوں نے عامر خان کو ’لیجنڈ‘ قرار دیتے ہوئے انہیں سلام بھی پیش کیا، ساتھ ہی انہوں نے تقریب میں شروتی ہاسن کو بولڈ اداکارہ بھی کہا۔

رجنی کانت کو تقریب میں ساتھی اداکاروں کے لیے ’گنجا‘ اور ’بونا‘ جیسے الفاظ استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر ساتھی اداکاروں کی باڈی شیمنگ کا الزام بھی لگایا گیا۔

ان کی فلم ’قلی‘ کو 14 اگست کو ریلیز کیا جائے گا، مذکورہ فلم میں عامر خان بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گے، وہ پہلی بار رجنی کانت کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025