شبمن گل نے چوتھی بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز جیت کر تاریخ رقم کردی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جولائی 2025 کے لیے بھارت کے ٹیسٹ کپتان شبمن گل کو پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا۔
بھارتی بلے باز شبمن گل نے چوتھی بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز جیت کر نئی تاریخ رقم کردی، وہ ایسا کرنے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بھارت کے ٹیسٹ کپتان اس سے قبل وہ جنوری 2023، ستمبر 2023 اور فروری 2025 میں یہ ٹائٹل حاصل کر چکے ہیں۔
25 سالہ شبمن گل نے دورہ انگلینڈ میں شاندار کارکردگی دکھائی، انہوں نے جولائی میں کھیلے گئے 3 ٹیسٹ میچز میں 94.50 کی اوسط سے 567 رنز بنائے، ایجبسٹن ٹیسٹ میں 269 اور 161 رنز کی اننگز کھیل کر انہوں نے بھارت کو 336 رنز سے تاریخی فتح دلائی۔
مجموعی طور پر شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچز میں 75.40 کی اوسط سے 754 رنز بنائے اور چار سنچریاں اسکور کیں۔
خیال رہے کہ آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کیلئے شبمن گل کے ساتھ انگلینڈ کے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اور جنوبی افریقہ کے ویان ملڈر کو نامزد کیا تھا۔
اس موقع پر شبمن گل نے اپنے بیان میں کہا کہ جولائی کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بننا شاندار احساس ہے، اس بار یہ اعزاز اس لیے زیادہ اہم ہے کیونکہ یہ میری بطور کپتان پہلی ٹیسٹ سیریز کے دوران آیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ برمنگھم میں ڈبل سنچری ہمیشہ یادگار رہے گی، یہ بطور کپتان میرے لیے ایک سیکھنے کا مرحلہ تھا، اور میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور جیوری کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میری محنت کو سراہا۔











لائیو ٹی وی