لکی مروت میں دہشت گردوں نے پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، پنجاب کو گیس کی فراہمی معطل
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں پنجاب کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔
لکی مروت پولیس کے ترجمان عامر خان نے ڈان نیوز کو بتایا کہ دہشت گردوں نے بھانہ منجی والا علاقے کی حدود میں پائپ لائن پر نصب دھماکہ خیز مواد کو اڑا دیا۔
انہوں نے کہا کہ’ حکام نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔’
ان کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے سے مقام پر ایک بڑا گڑھا بن گیا، جس کی وجہ سے لکی مروت سے پنجاب کے میانوالی ریجن تک گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی۔
دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور ارد گرد کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ اس مقام پر اس سے قبل بھی مرکزی ٹرانسمیشن گیس پائپ لائن پر تین اسی نوعیت کے حملے ہو چکے ہیں۔
جولائی میں، لکی مروت کے وندا امیر علاقے کے قریب پنجاب جانے والی گیس پائپ لائن کو بھی دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا، جس سے گیس کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔ بعد ازاں اسی ماہ کے آخر میں، طوروہ علاقے میں ایک ماہ کے اندر چوتھی بار دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
جون میں بھی اسی نوعیت کے دو واقعات پیش آ چکے تھے۔ جون کے آغاز میں، مبینہ دہشت گردوں نے بیٹنی گیس فیلڈ سے پنجاب جانے والی ایک اہم پائپ لائن کو نشانہ بنایا۔ اس کے بعد، اس واقعے کے دس دن کے اندر جبرخیل علاقے کے قریب ایک بار پھر پائپ لائن کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ سے اڑا دیا گیا۔
لکی مروت طویل عرصے سے دہشت گردی اور تشدد کا مرکز رہا ہے، جس میں بدامنی کا سلسلہ 2000 کی دہائی کے اوائل سے جاری ہے۔ اگرچہ سیکیورٹی آپریشنز کے نتیجے میں ایک عرصے تک نسبتاً سکون قائم رہا، لیکن حالیہ برسوں میں عسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے، جس سے امن قائم کرنے کی کوششوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور نئے سرے سے عدم استحکام کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔











لائیو ٹی وی