مرد مداح میسیج کرکے پوچھتے ہیں ’بے بی آپ نے کھانا کھا لیا؟‘ مومنہ اقبال
اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بیشمار مرد حضرات سوشل میڈیا پر پیغامات بھجواتے ہیں، جس میں سے زیادہ تر ان سے یہ بھی پوچھتے ہیں کہ ’بے بی آپ نے کھانا کھا لیا؟
مومنہ اقبال نے حال ہی میں ’میشن‘ سے مختصر بات کرتے ہوئے سوالوں کے جوابات دیے، جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں سوشل میڈیا پر مرد مداح پیغامات بھیجتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہر کوئی یہ کہے کہ وہ پاکستان کی سب سے بڑی سپر اسٹار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی یا کسی مصیبت کی صورت میں وہ سب سے پہلے اپنی والدہ کو ہی فون کالز کرتی ہیں۔
زندگی کا سب سے بڑا جھوٹ کیا بولا کے سوال پر اداکارہ نے کوئی جواب نہ دیا اور مسکرا کر بات ٹال دی جب کہ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ شوٹنگ کے دوران ان سے کچھ نہ کچھ ایسی بات نکل جاتی ہے، جس سے ان کے لیے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سب سے عجیب کون سا میسیج ملا کے جواب میں مومنہ اقبال نے بتایا کہ انہیں بہت سارے مرد عجیب عجیب پیغامات ہی بھیجتے ہیں۔
ان کے مطابق بعض لڑکے ان سے خیریت دریافت کرتے ہیں جب کہ کچھ ان کی تعریفیں کرتے ہیں، اسی طرح کئی لوگ انہیں طعنے بھی دیتے ہیں۔
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ بعض لوگ سخت میسیج بھی بھیجتے ہیں، جس میں وہ لکھتے ہیں کہ جہنم میں اداکارہ کا ایک الگ ہی مقام اور لیول ہوگا۔
اداکارہ نے بتایا کہ بعض لڑکے میسیجز میں ان سے کھانے تک کا پوچھ لیتے ہیں اور سوال پوچھتے ہیں کہ ’بے بی آپ نے کھانا کھا لیا‘۔
مومنہ اقبال کی مداحوں کی جانب سے بھیجے جانے والے سوالات پر کی گئی گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر تبصرے کرتے ہوئے ان کی خوبصورتی کی تعریفیں بھی کیں۔











لائیو ٹی وی