آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: بابراعظم 5 سال میں پہلی بار ٹاپ 2 سے باہر
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی پلیئر رینکنگ جاری کر دی، جس کے مطابق ون ڈے انٹرنیشنل میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم 2020 کے بعد پہلی بار ٹاپ ٹو سے باہر ہوگئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے دوران قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم ایک نصف سینچری بھی نہیں بناسکے اور مجموعی طور پر 3 میچوں میں انہوں نے 56 رنز بنائے۔
پہلے میچ میں 47 رنز بنانے کے بعد دیگر 2 میچوں میں بالترتیب صفر اور 9 رنز بنانے پر بابراعظم گزشتہ 5 سالوں میں پہلی بار ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ ٹو سے باہر ہوگئے۔

بابراعظم کی اس تنزلی کا فائدہ بھارت کے ون ڈے کپتان روہت شرما نے اٹھایا جو بغیر کوئی میچ کھیلے دوسری پوزیشن پر قابض ہوگئے اور بھارت کے ٹیسٹ کپتان شبمن گل کے بعد درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آگئے۔
یاد رہے کہ آخری مرتبہ بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نومبر 2020 میں ٹاپ ٹو سے باہر تھے۔
اسی طرح، بابراعظم کی ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں بھی تنزلی ہوئی ہے جس میں وہ 18ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، ٹاپ 10 میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی ٹی20 بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ دوسرے نمبر پر بھی بھارتی کھلاڑی تلک ورما موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے آسٹریلیا کے ٹم ڈیوڈ نے 6 درجہ چھلانگ لگاکر ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں، آسٹریلیا کے ٹرویس ہیڈ اور جوش انگلس بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔











لائیو ٹی وی