زیادہ تر مردوں کو بیٹھنے کے آداب نہیں معلوم، وہ غلط انداز میں بیٹھتے ہیں، رباب مسعود
سابقہ ماڈل رباب مسعود کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مرد بیٹھنے کے درست آداب سے ناواقف ہوتے ہیں اور غلط انداز میں بیٹھ کر دوسروں کی بے ادبی کرتے ہیں۔
رباب مسعود نے حال ہی میں ’سما ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مرد جب بیٹھتے ہیں، چاہے وہ کتنے ہی پڑھے لکھے، خوشحال یا تعلیم یافتہ کیوں نہ ہوں، وہ اکثر غلط انداز میں بیٹھتے ہیں، وہ ایک ٹانگ کو دوسری ٹانگ پر رکھ دیتے ہیں اور ان کا پاؤں عموماً کسی دوسرے شخص کے چہرے کی طرف ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح سے بیٹھ کر وہ ساتھ بیٹھے ہوئے شخص کی بے عزتی کر رہے ہوتے ہیں اور اس دوران وہ اپنے پاؤں کو مسلسل حرکت میں بھی رکھتے ہیں، جو کہ بے ادبی ہے۔
رباب مسعود کے مطابق ان کے ساتھ بیٹھنے والا جو بھی ہو، چاہے وہ مرد ہو یا عورت، انہیں اس طرح سے بیٹھنا زیب نہیں دیتا اور یہ بنیادی آداب ہر ایک کو معلوم ہونے چاہئیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض مرد و عورتیں محفل میں بیٹھ کر اکثر بہت تیز آواز میں بولتے اور بلند آواز میں ہنستے ہیں، جو کہ اخلاقی طور پر درست نہیں ہے۔
خیال رہے کہ رباب مسعود نے بے شمار فیشن شوز، ٹیلی وژن کمرشلز اور میوزک ویڈیوز میں کام کیا ہے، ان کی سب سے مشہور ٹیلی وژن پیشکش جنید جمشید کے گانے ’ہم کیوں چلیں اس راہ پر‘ میں تھی۔











لائیو ٹی وی