ایک جوڑا، چپل اور پرس میں نکاح، بشریٰ انصاری نے اپنی شادی کا دلچسپ قصہ سنادیا

شائع August 15, 2025
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی شادی نہایت سادگی سے ہوئی جس میں شوہر نے صرف ایک جوڑا، چپل اور پرس دیا اور تقریب پر بمشکل ایک ہزار روپے خرچ ہوئے۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ندا یاسر کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ان کی شادی اقبال انصاری سے ہوئی تھی، اُس وقت 1978 کا دور تھا اور وہ ٹی وی میں بطور سرکاری ملازم کام کرتے تھے، ماہانہ ایک ہزار 200 روپے تنخواہ لیتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ ان کے سابق شوہر کے پاس زیادہ رقم نہیں تھی، اس لیے انہوں نے ان کے والد سے کہا کہ وہ اپنی گاڑی بیچ کر سونے کے زیورات خرید لیں گے اور ولیمے کے لیے قرض لے لیں گے۔

بشریٰ انصاری کے مطابق یہ سن کر ان کے والد نے فوراً سابق شوہر کو ایسا کرنے سے روک دیا اور کہا کہ نہیں، گاڑی تمہارے کام آئے گی، تم اس میں سفر کرو گے، جب کہ زیورات کا بھی کوئی فائدہ نہیں، یہ جاہلانہ رسم ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ والد نے سابق شوہر کو یہ بھی کہا کہ ولیمے کی بڑی تقریب کے لیے بھی قرض لینے کی ضرورت نہیں، لوگ تو کھانا کھا کر چلے جائیں گے اور تم قرض میں ڈوب جاؤ گے، وہ خود سب کچھ دیکھ لیں گے اور نکاح کا سارا انتظام ان کے والد نے کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح سادگی سے ان کی شادی ہوئی اور شادی میں شوہر کے مشکل سے ایک ہزار روپے خرچ ہوئے، کیونکہ انہوں نے انہیں ایک جوڑا، پرس اور ایک جوڑی چپل دلائی تھی، حتیٰ کہ کوئی انگوٹھی بھی نہیں دی تھی۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ سادگی سے شادی ہونے پر انہیں بھی کوئی اعتراض نہیں تھا اور آج جب وہ اس بارے میں سوچتی ہیں تو لگتا ہے کہ ان کے والد کا یہ فیصلہ بالکل درست تھا، کیونکہ اس کا فائدہ یہ ہوا کہ شادی بھی ہوگئی اور انہیں کسی کا قرضہ بھی نہیں دینا پڑا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ سب کو چاہیے کہ شادی کرتے وقت فضول خرچی نہ کریں، اپنی حیثیت کو مدنظر رکھیں اور اگر پیسے ہوں تو بجائے شادی میں لگانے کے بچوں کو دے دیں۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی معروف پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی، جو 36 سال بعد طلاق پر ختم ہوئی، اس شادی سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

انہوں نے ڈراما نگار اقبال حسین سے دوسری شادی کا اعتراف مئی 2023 میں کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ان کی شادی کب ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025