نادین ایوب مس یونیورس میں حصہ لینے والی پہلی فلسطینی حسینہ

شائع August 15, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

خوبصورتی کے عالمی مقابلے ’مس یونیورس‘ میں ہلی بار فلسطین کی نمائندگی ہوگی، فلسطینی نژاد اماراتی حسینہ نادین ایوب رواں برس نومبر میں ہونے والے مقابلوں میں اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گی۔

نادین ایوب نے انسٹاگرام ویڈیو اور پوسٹ میں ’مس یونیورس‘ کا حصہ بننے کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ عالمی ایونٹ میں اپنے ملک کے مسائل کو اجاگر کریں گی۔

خوبصورتی کے 73 ویں سالانہ مس یونیورس کے مقابلے نومبر کو تھائی لینڈ کے شہر پاک کریت میں منعقد ہوں گے۔

فلسطینی نژاد 27 سالہ نادین ایوب نے انسٹاگرام ویڈیو میں اپنے انتخاب کا اعلان کیا، جس میں وہ فلسطینی ڈیزائنر ہِبا عبدالکریم کا تیار کردہ روایتی لباس زیب تن کیے نظر آئیں، جس پر قومی رنگ اور کشیدہ کاری نمایاں تھی۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ پہلی بار فلسطین مس یونیورس میں نمائندگی وہ کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ جب ان کا وطن، خاص طور پر غزہ، صدمے سے دوچار ہے، وہ ایک ایسے عوام کی آواز بن رہی ہیں جو خاموش ہونے سے انکار کرتے ہیں۔

وہ ہر اس فلسطینی عورت اور بچے کی نمائندہ ہیں جن کی قوت کو دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صرف اپنے دکھ نہیں بلکہ حوصلہ، امید اور اس دھڑکتے دل کے وارث ہیں جو ہمارے وطن کو زندہ رکھتا ہے۔

نادین ایوب کی مس یونیورس میں شرکت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب غزہ میں 22 ماہ سے جاری جنگ نے انسانی صورتحال کو بدترین بنا دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ بھوک اور غذائی قلت کی سطح جنگ کے آغاز کے بعد بلند ترین مقام پر پہنچ چکی ہے اور کم از کم 100 ٹرک یومیہ خوراک غزہ میں داخل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت کے باعث 239 افراد جن میں 106 بچے شامل ہیں مر چکے ہیں۔

نادین ایوب کون ہیں؟

فلسطینی شہری یافا سے تعلق رکھنے والی نادین ایوب نے اپنا بچپن مغربی کنارے کینیڈا اور امریکا میں گزارا۔

انہوں نے کینیڈا کی یونیورسٹی آف ویسٹرن اونٹاریو سے ادب اور نفسیات میں بی اے کیا اور فی الحال فٹنس کوچ اور غذائیت کی ماہر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

سال 2022 میں مس فلسطین کا تاج جیتنے کے بعد نادین ایوب نے فلپائن میں مس ارتھ کے مقابلے میں حصہ لیا تھا، جہاں فلسطین نے 2016 کے بعد پہلی بار شمولیت اختیار کی تھی، وہ ٹاپ فائیو میں شامل ہوئیں اور ’مس واٹر 2022‘ کا اعزاز جیتا۔

نادین ایوب انسانی حقوق اور ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم کارکن بھی ہیں، انہوں نے دبئی میں ’اولِو گرین اکیڈمی‘ کی بنیاد رکھی، جو یو اے ای کی پہلی اکیڈمی ہے جو خواتین کو پائیداری اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تربیت دیتی ہے۔

وہ ’سیداتِ فلسطین‘ نامی پلیٹ فارم کے ساتھ بھی کام کرتی ہیں، جو خواتین کو بااختیار بنانے اور تعلیم کے پروگرام چلاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025