جھوٹے الزامات لگانے پر جوبائیڈن کے بیٹے کو میلانیا ٹرمپ کا ایک ارب ڈالر ہرجانے کا نوٹس

شائع August 15, 2025
—فوٹو: اے بی سی نیوز
—فوٹو: اے بی سی نیوز

امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے سابق امریکی صدر جوبائیڈن کے بڑے بیٹے وکیل اور صنعت کار ہنٹر بائیڈن کو جیفری ایپسٹن سے متعلق ’غلط، توہین آمیز اور جھوٹے دعوے‘ کرنے پر ایک ارب ڈالر ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔

میلانیا ٹرمپ کے وکلا کی جانب سے جوبائیڈن کے بیٹے کو بھیجے گئے نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہنٹر بائیڈن جلد از جلد معافی مانگیں اور اپنے بیانات واپس لیں، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ کے مطابق میلانیا ٹرمپ کے وکیل الیخاندرو بریٹو نے 6 اگست کو ہنٹر بائیڈن اور ان کے وکیل ایب لوئل کو خط بھیجا، جس میں کہا گیا کہ یوٹیوب پر جاری انٹرویو میں میلانیا کے بارے میں دیے گئے ’غلط اور توہین آمیز بیانات‘ فورا واپس لیے جائیں۔

میلانیا ٹرمپ سے متعلق دعوے چینل 5 کے میزبان اینڈریو کالہان کے پروگرام میں کیے گئے تھے، جہاں جوبائیڈن کے بیٹے نے ایک اور لکھاری کے دعووں کو بنیاد بنا کر امریکی خاتون اول سے متعلق دعوے کیے۔

انٹرویو میں ہنٹر بائیڈن نے دعویٰ کیا تھا کہ جنسی جرائم کے بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین نے ہی میلانیا کا تعارف ڈونلڈ ٹرمپ سے کروایا تھا۔

میلانیا ٹرمپ کے وکیل کے مطابق یہ الزامات سراسر جھوٹے ہیں اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پھیلائے گئے ہیں، جس سے خاتون اول کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔

میلانیا ٹرمپ کے وکیل بریٹو نے کہا کہ ہنٹر بائیڈن نے یہ الزامات متنازع مصنف مائیکل وولف کی باتوں کی بنیاد پر کیے، جن کی رپورٹ ڈیلی بیسٹ نے شائع کی تھی، تاہم میلانیا کے قانونی نوٹس کے بعد ڈیلی بیسٹ نے بھی خبر حذف کر کے معافی مانگی، اس کے باوجود ہنٹر بائیڈن نے ان بیانات کو دوبارہ پھیلایا۔

امریکی خاتون اول کے وکیل نے کہا کہ ہنٹر بائیڈن ان الزامات کے دفاع میں کوئی مضبوط جواز پیش نہیں کر سکتے اور ان کا مقصد صرف ذاتی شہرت حاصل کرنا تھا۔

خط میں مطالبہ کیا گیا کہ ہنٹر بائیڈن فوری اور واضح انداز میں الزامات واپس لیں، معافی مانگیں، اور متعلقہ ریکارڈ حذف کردیں، بصورت دیگر ایک ارب ڈالر سے زائد کے ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ہنٹر بائیڈن نے مقررہ مہلت تک نوٹس پر عمل نہیں کیا بلکہ خط کو ایک ’دوست رپورٹر‘ کے ذریعے میڈیا میں لیک کر دیا، یہ واضح نہیں کہ وہ رپورٹر کون تھا۔

مذکورہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کچھ دن قبل ڈیلی بیسٹ نے اور سیاسی تجزیہ کار جیمز کارول نے بھی میلانیا ٹرمپ سے متعلق اسی دعوے پر معافی مانگی تھی اور اپنے بیانات حذف کیے تھے۔

میلانیا ٹرمپ کے ترجمان نک کلیمنز نے کہا کہ خاتون اول کے وکلا فوری تردیدیں اور معافیاں یقینی بنا رہے ہیں، میلانیا ٹرمپ اور صدر ٹرمپ کی پہلی ملاقات کی اصل کہانی ان کی کتاب ’Melania‘ میں درج ہے۔

خیال رہے کہ جیفری ایپسٹین جنسی جرائم کے مجرم تھے، جنہوں نے امریکی جیل میں خودکشی کرلی تھی، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے دنیا بھر کی خوبرو، کم عمر اور بعض نابالغ لڑکیاں جنسی استحصال اور جنسی غلام کے لیے ایک سے دوسرے ملک منتقل کیں اور امیر لوگوں کو بھی لڑکیاں فراہم کیں۔

جیفری ایپسٹین کی دوستی ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی رہی جب کہ ان ہی کے کیس میں برطانوی بادشاہ کے بھائی کا شہزادہ اینڈریو کا نام بھی سامنے آیا تھا، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے بھی جیفری ایپسٹین کی جانب سے فراہم کی گئی بعض نابالغ لڑکیوں سے ’سیکس‘ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025