حمیرا اصغر کے ذکر پر ’کون حمیرا؟‘ کا سوال کرنے پر مرینہ خان کو تنقید کا سامنا

شائع August 16, 2025
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

سینئر اداکارہ مرینہ خان کو حال ہی میں ٹی وی شو کے دوران گزشتہ ماہ مردہ حالت میں پائی گئیں اداکارہ حمیرا اصغر کے ذکر پر ’کون حمیرا؟‘ کا سوال کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

مرینہ خان حال ہی میں ڈراموں پر تبصروں کے ٹی وی پروگرام ’کیا ڈراما ہے‘ میں ساتھی مبصرین عتیقہ اوڈھو اور نادیہ خان کے ہمراہ شریک ہوئیں، جہاں عتیقہ اوڈھو نے نئے ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ پر تبصرے کے دوران حمیرا اصغر کا ذکر کیا۔

عتیقہ اوڈھو نے ڈرامے کے کرداروں اور کچھ مناظر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مناظر اور کردار دیکھے جائیں تو ہر کسی کو حمیرا اصغر یاد آجاتی ہیں۔

عتیقہ اوڈھو کی بات سے پروگرام کے میزبان نے بھی اتفاق کیا، تاہم اس دوران مرینہ خان نے ان سے سوال کیا کہ ’کون حمیرا؟‘

مرینہ خان کی جانب سے حمیرا سے متعلق پوچھے جانے پر عتیقہ اوڈھو نے انہیں بتایا کہ وہ لڑکی جو کچھ ہفتے قبل کراچی کے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔

عتیقہ اوڈھو نے ساتھی اداکارہ کو بتایا کہ حمیرا اصغر کراچی میں اہل خانہ کے بغیر رہتی تھیں اور چند ہفتے قبل کراچی کے فلیٹ میں مردہ حالت میں ملی تھیں اور ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں بھی ان کی زندگی سے ملتے جلتے مناظر دکھائے جا رہے ہیں۔

مرینہ خان کی جانب سے ’کون حمیرا؟‘ کا سوال کرنے کی ویڈیو وائرل بھی ہوگئی، جسے متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کیا گیا، جہاں اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

مرینہ خان کی جانب سے حمیرا اصغر کے ذکر کے باوجود انہیں پہچان نہ پانے اور ’کون حمیرا؟‘ کا سوال پر کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور ان پر ہر وقت بے خبر رہنے کا الزام بھی عائد کیا۔

کچھ افراد نے لکھا کہ ابھی حمیرا اصغر کے واقعے کو صرف ایک ماہ ہی ہوا ہے اور مرینہ خان ابھی سے ہی انہیں بھول چکی ہیں۔

بعض سوشل میڈیا صارفین نے مرینہ خان کی بے خبری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ اداکارہ ہر بات سے بے خبر رہتی ہیں، کوئی چیک کرے، کہیں انہیں دماغی غیر فعالیت کا عارضہ ’ڈیمینشیا‘ وغیرہ تو نہیں۔

خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو ملی تھی اور ان کی تدفین 11 جولائی کو آبائی شہر لاہور میں کی گئی تھی، وہ کراچی میں کرائے کے فلیٹ میں تنہا رہتی تھیں۔

پوسٹ مارٹم اور پولیس تفتیش کے مطابق حمیرا اصغر کی موت حادثاتی یا طبعی تھی اور ممکنہ طور پر وہ اکتوبر 2024 کے پہلے ہفتے میں چل بسی تھیں۔

حمیرا اصغر کی لاش تقریبا 10 ماہ بعد فلیٹ سے برآمد ہونے کی خبر نے شوبز سمیت پاکستان بھر کو سکتے میں ڈال دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025