ذاتی زندگی پر تنقید کا جواب دے کر گھر کی باتیں باہر لانا نہیں چاہتی، طوبیٰ انور

شائع August 16, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ طوبیٰ انور نے کہا ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی پر ہونے والی تنقید کا جواب دے کر گھر کی باتیں باہر نہیں لانا چاہتی، ان کی جانب سے باتیں برداشت کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ لوگ سچ کہ رہے ہیں۔

طوبیٰ انور نے حال ہی میں ’جیو پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وہ کارپوریٹ سیکٹر اور پروڈکشن سیکٹر میں کام کرتی تھیں جب کہ وہ بعض اخبارات اور جرائد میں مضامین بھی لکھتی رہیں لیکن اب ان سے لکھا نہیں جاتا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اداکاری کا شوق نہیں تھا، البتہ وہ میڈیا کی دنیا سے باخبر اور وابستہ تھیں، پھر اچانک انہوں نے اداکاری شروع کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کراچی میں تنہا یا اہل خانہ کے بغیر رہنے والی میڈیا اور شوبز سے وابستہ 400 اداکاراؤں کا واٹس ایپ گروپ بنا لیا گیا، جس میں وہ بھی شامل ہیں۔

ان کے مطابق مذکورہ گروپ کے ذریعے تمام خواتین کو سیفٹی اور سیکیورٹی کا خیال رکھا جائے گا، انہیں مالی، اخلاقی اور پیشہ ورانہ مدد بھی فراہم کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر انہوں نے اعتراف کیا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی بے جا تنقید ذہنی صحت کو متاثر کرتی ہے لیکن اب انہوں نے ایسے تبصروں پر توجہ دینا چھوڑ دی۔

طوبیٰ انور نے نجی زندگی پر ہونے والی تنقید کا جواب نہ دینے سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ ان کی ذاتی زندگی پر لوگوں کے تبصروں نے ان کی ذہنی صحت سخت متاثر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی نجی زندگی پر کی جانے والی تنقید یا ان پر لگائے گئے الزامات کے جوابات نہیں دیے، انہوں نے خاموش رہنا پسند کیا۔

اداکارہ کے مطابق ان کی جانب سے الزامات اور تنقید کا جواب نہ دینے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لوگ جو کہ رہے ہیں، وہ صحیح ہے، بلکہ ان کی خاموشی کا مطلب یہ ہے کہ وہ مذکورہ معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو نجی زندگی سے متعلق جوابات دے کر گھر کی باتیں باہر نہیں لانا چاہتیں، اس لیے انہوں نے کبھی کسی کو جواب نہیں دیا۔

طوبیٰ انور کے مطابق ان کے اہل خانہ ان کی زندگی اور حقائق سے واقف ہیں، اس لیے انہیں دوسروں کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025