امریکا: ’ایرن طوفان‘ کا خطرناک کیٹیگری 5 میں تبدیل ہونے کا امکان
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) کا کہنا ہے کہ ایرن طوفان کیٹیگری 5 میں جلد تبدیل ہونے والا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی نیشنل ہریکین سینٹر نے کہا ہے کہ ایرن سال 2025 کے اٹلانٹک سیزن کا پہلا طوفان ہے جو کیٹیگری 5 میں تبدیل ہو سکتا ہے اور توقع ہے کہ یہ طوفان آج (16اگست) کی دوپہر کے بعد مزید شدت اختیار کرے گا۔
طوفان اس وقت سان جوآن، پورٹو ریکو سے تقریبا 375 کلومیٹر مشرق-شمال مشرق میں موجود ہے، جہاں اس کی 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
این ایچ سی کے مطابق ایرن سے پیدا ہونے والی سمندری لہریں رواں ہفتے کے دوران شمالی لیوارڈ جزائر، ورجن جزائر، پورٹو ریکو، ہسپانیولا اور ترکی و کیکوس جزائر کو متاثر کریں گی۔ یہ لہریں آئندہ ہفتے کے آغاز میں بہاماس، برمودا اور امریکا کے مشرقی ساحل تک پھیل جائیں گی۔
سینٹر نے مزید کہا کہ ایرن سے اتوار تک شمالی لیوارڈ جزائر، ورجن جزائر اور پورٹو ریکو میں شدید بارشوں کے امکانات موجود ہیں۔











لائیو ٹی وی