فیصل خان نے بھائی عامر خان اور اہل خانہ سے تعلقات ختم کردیے
بولی وڈ اداکار فیصل خان نے اپنے بھائی بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے عامر خان اور اہل خانہ سے تعلقات توڑتے ہوئے ان سے اظہار لاتعلقی کرلیا۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ شادیز‘ کے مطابق فیصل خان نے اعلان کیا کہ وہ باضابطہ طور پر عامر خان اور اپنے دیگر اہلِ خانہ سے تمام تعلقات ختم کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے فیصلے کو ’آزادی کے ایک نئے باب‘ سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ قدم ان کی شفا، وقار اور اپنی ذات کے مزید پہلوؤں کو دریافت رنے کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ وہ بھاری دل مگر نئے حوصلے کے ساتھ سب کو یہ اطلاع دینا چاہتے ہیں کہ انہوں نے ایک عوامی نوٹس کے ذریعے اپنے تمام خاندانی تعلقات ختم کر دیے ہیں۔
فیصل خان نے مزید وضاحت کی کہ وہ اپنے والد طاہر حسین اور والدہ زینت طاہر حسین سمیت اہلِ خانہ کے تمام افراد سے وراثتی و خاندانی طور پر علیحدگی اختیار کر رہے ہیں اور اب کسی جائیداد یا ذمہ داری میں حصہ دار نہیں ہوں گے۔
فیصل خان نے یہ بھی الزام لگایا کہ اہلِ خانہ نے انہیں زبردستی ادویات کھلائیں، گھر میں نظر بند رکھا اور دستخطی حقوق سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ ڈالا۔
ان کا کہنا تھا کہ اہلِ خانہ نے ان کے خلاف سازش کی اور حالیہ مشترکہ بیان میں ان کی کردار کشی کی گئی۔
یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب فیصل خان نے چند روز قبل الزام لگایا تھا کہ عامر خان نے انہیں ایک سال سے زائد عرصہ ممبئی کے گھر میں قید رکھا، انہیں دماغی بیماری ’شیزوفرینیا‘ کی ادویات دی گئیں۔
اس پر عامر خان اور اہلِ خانہ نے ردعمل دیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں فیصل خان کے مؤقف کو ’تکلیف دہ اور گمراہ کن‘ قرار دیا گیا تھا۔











لائیو ٹی وی