مارکرم اور مہاراج کی شاندار کارکردگی، جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میں 98 رنز سے شکست
جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم کی شاندار بلے بازی اور کیشو مہاراج کی خطرناک باؤلنگ نے کینگروز کو پہلے ایک روزہ میچ میں شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
کیئرنز میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے ابتدائی میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 98 رنز سے شکست دے دی، مہمان پروٹیز کے 296 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینگروز کی پوری ٹیم 198 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرام نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر کیشو مہاراج نے آسٹریلیا کی نئی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیا، مہاراج نے صرف 33 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلے بیٹنگ کی دعوت پر، جنوبی افریقہ بیٹر ایڈن مارکرم نے 81 گیندوں پر 9 چوکے جڑے اور اپنی ٹیم کا اسکور 296-8 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، کپتان ٹمبا باووما 65 اور میتھیو بریٹزکے 57 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
جواب میں آسٹریلیا کے اوپنرز مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے ابتدائی 7 اوورز میں 60 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلرز کو دباؤ میں ڈالا، مگر میچ کا رُخ اسپن کے آغاز پر بدل گیا، جب کیشو مہاراج نے اپنی پہلی 15 گیندوں پر 4 کھلاڑی آؤٹ کر دیے۔
مہاراج نے اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 33 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس کی بدولت آسٹریلوی ٹیم 41ویں اوور میں 198 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پوسٹ میچ انٹرویو میں جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے کہا کہ میں نے صرف حالات کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور خوش قسمت رہا کہ انعام ملا۔
آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے سب سے زیادہ مزاحمت کی اور 96 گیندوں پر 88 رنز بنائے، لیکن باقی بیٹنگ لائن اپ فلاپ رہی۔











لائیو ٹی وی