• KHI: Sunny 17.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.5°C
  • KHI: Sunny 17.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.5°C

ایسا رویہ خود کبھی اختیار نہیں کروں گا، اداکاروں کی نقالی ویڈیوز پر ساحر لودھی کا مؤقف

شائع August 20, 2025
—ریویو پی کے
—ریویو پی کے

میزبان و اداکار ساحر لودھی نے اداکاروں کی نقالی ویڈیوز پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا رویہ وہ خود کبھی بھی کسی کے ساتھ اختیار نہیں کریں گے۔

گزشتہ دنوں ساحر لودھی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں، جن میں انہوں نے ایک منفرد انداز متعارف کروایا۔

ویڈیوز میں وہ بظاہر ایسے ظاہر کرتے جیسے وہ ویڈیو بنانے والے کو نہیں جانتے، حالانکہ ویڈیوز انہی کے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جارہی تھیں اور کیمرا مین بھی انہی کا اپنا ہوتا تھا۔

ویڈیوز میں استعمال کیے گئے ان کے ڈائیلاگ ’جی بھائی‘ اور ’ہاں بھئی‘ بھی بہت مقبول ہوئے، یہاں تک کہ کچھ معروف اداکاروں نے ان کے انداز کو نقل کرتے ہوئے ویڈیوز بھی بنائیں، جن میں فیصل قریشی، یاسر نواز اور اعجاز اسلم شامل تھے۔

تاہم، اداکارہ مہوش حیات کو یہ نقالی ویڈیوز پسند نہیں آئیں اور انہوں نے ساتھی اداکاروں کو ساحر لودھی کے احترام کا مشورہ دیا۔

حال ہی میں ساحر لودھی ’ایف ایچ ایم‘ کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہر انسان کا حق ہے کہ وہ کسی کو پسند بھی کرسکتا ہے اور نہ پسند بھی، یہ حق اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو دیا ہے، اسی لیے وہ کسی کو بھی رائے کے اظہار سے نہیں روک سکتے اور لوگ انہیں چاہیں یا نہ چاہیں، اس میں وہ آزاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسا ردعمل ان کی ویڈیوز پر آیا ویسا وہ کبھی کسی کے ساتھ نہیں کریں گے، لیکن وہ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اداکاروں نے یہ سب مذاق میں ہی کیا ہوگا اور وہ سب کی عزت کرتے ہیں۔

ساحر لودھی نے بتایا کہ مہوش حیات سے ان کی ملاقات کو سالوں گزر چکے ہیں، وہ ایک سفر پر تھے اور اس دوران ان کی ویڈیوز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی میمز چل رہی تھیں، اسی دوران مہوش حیات کی ان کے بارے میں پوسٹ آگئی جسے دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مہوش حیات کے شکر گزار ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ کبھی کبھار انسان پر ایسا وقت آتا ہے جب اسے دوسروں کے ساتھ کی ضرورت ہوتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025