سیاہ کے مقابلے سفید جسم کو بہتر دکھانے پر اشتہار پر پابندی عائد
برطانوی حکام نے ٹی وی اشتہار میں سیاہ فام جلد کے مقابلے سفید جلد کو بہتر انداز میں دکھانے کے بعد ’شاور جیل‘ کے اشتہار پر پابندی عائد کردی۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق معروف کمپنی کے ’شاور جیل‘ کے اشتہار میں سیاہ فام جلد کو پھٹا ہوا جب کہ سفید فام جلد کو ہموار دکھایا گیا تھا۔
مذکورہ اشتہار میں دو سیاہ فام اور ایک سفید فام ماڈلز کو دکھایا گیا تھا، ایک سیاہ فام کی جلد خارش زدہ، دوسری کی جلد پھٹی ہوئی جب کہ سفید فام ماڈل کی جلد کو ہموار دکھایا گیا تھا۔
اشتہارات پر نظر رکھنے والے برطانوی ادارے ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈز اتھارٹی (اے ایس اے) نے شکایات موصول ہونے کے بعد اشتہار کو نشر کرنے پر پابندی عائد کردی۔
ادارے کو دی گئی شکایات میں کہا گیا تھا سیاہ فام جلد کو پھٹا ہوا اور خارش زدہ دکھانا، اس تاثر کو تقویت دیتا ہے کہ سفید جلد سیاہ جلد سے بہتر ہوتی ہے۔
شاور جیل کی مالک کمپنی کے مطابق اشتہار میں نسلی تعصب کو تقویت نہیں دی گئی بلکہ اشتہار میں شاور جیل کے استعمال سے قبل اور بعد کے جلد کا موازنہ دکھایا گیا ہے اور یہ کہ کمپنی کی پروڈکٹس جلد سے متعلق ہی ہیں۔
مذکورہ اشتہار میں ایک سیاہ فام ماڈل کو اپنے جسم پر خارش کو کھجاتے ہوئے بھی دکھایا گیا تھا، جس سے جسم پر انگلیوں کے نشان بھی بن جاتے ہیں۔
اس کے بعد اشتہار میں ایک اور سیاہ فام ماڈل کومٹی کی طرح پھٹی ہوئی جلد کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔
دونوں سیاہ فام ماڈلز کے برعکس ایک سفید فام ماڈل کو نہاتے ہوئے دکھایا گیا، جس کی جلد پر کسی واضح مسئلے کے بغیر پانی اور جھاگ کو دکھایا گیا تھا اور پس پردہ آواز میں بتایا گیا تھا کہ فلاں کمپنی کا شاور جیل استعمال کریں گے تو ایسے ہی رہیں گے۔
شاور جیل بنانے والی کمپنی نے نسلی تعصب کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جان بوجھ کر اشتہار نہیں بنایا، انہوں نے صرف اپنی کمپنی کی تشہیر کی غرض سے ایسا کیا۔













لائیو ٹی وی