• KHI: Partly Cloudy 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C

لاہور: ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور، 30 اگست تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

شائع August 21, 2025
—فائل فوٹو:
—فائل فوٹو:

لاہور کی سیشن عدالت نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 اگست تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عروب جتوئی بدھ کے روز نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سامنے پیش ہوئیں، وہ اپنے شوہر پر سوشل میڈیا کے ذریعے آن لائن جوا کھیلنے والی ایپلی کیشنز کی مبینہ تشہیر کے کیس میں گرفتاری سے قبل ضمانت حاصل کرنے کے بعد پیش ہوئیں۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفریاب نے حکام کو 30 اگست تک ان کی گرفتاری سے روک دیا ہے، کیونکہ انہوں نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی تھی، ان کی ضمانت 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔

عروب جتوئی کے وکیل ایڈووکیٹ چوہدری عرفان فیض کالر نے عدالت کو بتایا کہ وہ تفتیش میں شامل ہونے کو تیار ہیں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔

این سی سی آئی اے نے عروب جتوئی کو تفتیش میں شامل کرتے ہوئے انہیں 20 اگست کو دوپہر ایک بجے گلبرگ II لاہور کے دفتر میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاکہ وہ اپنا بیان ریکارڈ کروا سکیں۔

عروب جتوئی کے وکیل نے ڈان امیجز کو بتایا کہ انہیں 19 اگست کو طلب کیا گیا اور دعویٰ کیا کہ انہیں دو گھنٹے تک غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا، اس دوران ان کا موبائل فون بھی لے لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بدھ کے روز ایجنسی نے جتوئی کا بیان ریکارڈ کیا اور ڈیڑھ گھنٹے تک ان سے پوچھ گچھ کی۔

این سی سی آئی اے ڈکی بھائی کے خلاف یوٹیوب اکاؤنٹ پر غیر قانونی طور پر آن لائن بیٹنگ اور جوا کھیلنے والی ایپس کی تشہیر کے الزام میں تحقیقات کر رہی ہے، انہیں 17 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت نے انہیں 23 اگست تک ایجنسی کی تحویل میں دے دیا۔

ان کے خلاف مقدمہ 17 اگست کی نصف شب این سی سی آئی اے لاہور کی جانب سے ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں سیکشن 13 (الیکٹرانک جعلسازی)، سیکشن 14 (الیکٹرانک فراڈ)، سیکشن 25 (اسپیم) اور سیکشن 26 (اسپوفنگ) شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294-بی اور 420 کے تحت بھی الزامات عائد کیے گئے۔

یہ مقدمہ 13 جون کو موصول ہونے والی ایک اطلاع پر شروع ہونے والی انکوائری سے متعلق ہے، جس میں بتایا گیا تھا کہ کچھ یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز عوامی سطح پر جوا اور بیٹنگ ایپس کی تشہیر کر رہے ہیں تاکہ مالی فائدہ حاصل کرسکیں۔

ایف آئی آر کے مطابق عوام نے ان ایپس میں اپنی محنت کی کمائی لگائی اور مالی نقصان اٹھایا، اس میں سعد الرحمان پر مختلف جوا اور بیٹنگ ایپلی کیشنز بشمول بنومو، 1ایکس بیٹ، بیٹ 365، بی 9 گیم وغیرہ کو اپنے یوٹیوب چینل پر تشہیر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

عروب جتوئی نے 2022 میں ڈکی بھائی سے منگنی و نکاح کی مشترکہ تقریب میں شادی کی تھی، جس میں متعدد یوٹیوبرز بھی شریک ہوئے تھے، 2024 میں اس جوڑے کو سوشل میڈیا پر اسلحہ دکھانے کے الزام میں لاہور پولیس نے حراست میں لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025