• KHI: Partly Cloudy 18.7°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.7°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.3°C

پاکستانی اداکاروں کی زندگی بھارتی ایکٹرز سے مختلف ہے، ہمارے پاس وسائل نہیں، شبیر جان

شائع August 21, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کی زندگی بھارتی اداکاروں سے کافی مختلف ہے، جو چیزیں اور سائل انڈین ایکٹرز کو دستیاب ہیں، وہ ہمارے پاس نہیں۔

شبیر جان حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 25 سال کی عمر کے بعد اداکاری کرنے کا سوچا اور انہیں پہلے موقع حاصل کرنے میں چند سال لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 25 سال کی عمر سے قبل کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ اداکار بنیں گے لیکن ایک دن انہوں نے کسی اداکار کو اداکاری کرتے دیکھا اور ٹھان لی کہ وہ بھی یہی کام کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اداکاری شروع کرنے سے قبل انہوں نے تقریبا ہر طرح کے کام کرکے دیکھے، انہوں نے فیکٹری میں ملازمت کرنے سمیت دوسری نوکریاں بھی کیں۔

شبیر جان نے کہا کہ انہیں جلد ہی معلوم ہوگیا تھا کہ نوکریاں کرنا ان کے مزاج کے خلاف ہے، وہ ملازمتیں نہیں کر سکیں گے۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری کا پہلا موقع حاصل کرنے کے لیے چار سال محنت کی اور پھر پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر کام کے دوران وہ بہت سارے نامناسب واقعات بھی برداشت کرتے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوں کہ اس وقت صرف ایک ہی چینل پی ٹی وی تھا، اس لیے ان کے پاس کوئی آپشن نہیں تھا اور اسی وجہ سے انہوں نے اپنے مزاج کے خلاف باتیں بھی برداشت کیں، تاہم انہوں نے خلاف مزاج باتوں کی تفصیلات نہیں بتائی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ جوانی میں بھی زائد الوزن تھے اور اب بھی ایسے ہیں، کیا انہوں نے کبھی بھارتی اداکاروں کی طرح وزن کم کرنے کی کوشش کی؟

اس پر شبیر جان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ ہر روز وزن کم کرنے سے متعلق سوچتے ہیں اور پھر ہر روز اپنی ہی بات کو بھول جاتے ہیں۔

اسی بات پر اداکار نے کہا کہ بھارتی اور پاکستانی اداکاروں کی زندگی میں فرق ہے، بھارتیوں کے پاس وہ سہولیات اور وسائل موجود ہیں، جو پاکستانیوں کے پاس نہیں۔

شبیر جان کے مطابق بھارتی اداکاروں کے پاس اتنے پیسے ہیں کہ انہیں تندرست رکھنے کے لیے فٹنیس ٹرینر ان کے گھر آتے ہیں، انہیں غذائی مشورے دینے والے ماہر غذائیات ان کے پاس آتے ہیں اور وہ ماہرین کی رائے سے کھانے کھاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداکار خود ہی کھانا بناتے اور خود ہی کھاتے ہیں اور اسی پر گزارا کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025