ارجنٹینا: فٹبال فینز کے درمیان پُرتشدد جھڑپیں، 10 زخمی، 90 گرفتار
ارجنٹینا میں فٹبال میچ کے دوران شائقین آپس میں لڑ پڑے، لاٹھیوں، پتھروں کے استعمال سے 10 زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے 90 افراد کو گرفتار کر لیا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ارجنٹینا کے کلب انڈیپینڈینٹے اور چلی کی ٹیم یونیورسیداد دے چلی کے درمیان کوپا سوڈا امریکانا کا میچ پُر تشدد جھڑپوں کے باعث منسوخ کر دیا گیا، دونوں ٹیموں کے فینز کے درمیان ہونے والی لڑائی میں 10 افراد زخمی جبکہ 90 کو گرفتار کرلیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق وینس آئرس کے لیبرتادورس دے امریکا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے ہاف میں تماشائیوں نے مختلف اشیا میدان میں پھینکنا شروع کر دیں، جھڑپ کے آغاز پر میچ کو پہلے معطل اور بعد ازاں منسوخ کر دیا گیا۔
افراتفری اور بھگدڑ کے دوران چلی کے ایک مداح نے مخالف تماشائیوں کے حملے سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم کے اسٹینڈ سے چھلانگ لگا دی، میزبان ٹیم کے حامیوں نے مخالف شائقین پر حملہ کرکے ان کے کپڑے پھاڑ دیے۔
رپورٹ کے مطابق تشدد اس وقت مزید بڑھا جب ہاف ٹائم کے دوران چلی کے شائقین نے میزبان تماشائیوں پر پتھر، لاٹھیاں، بوتلیں اور کرسیاں پھینکنا شروع کردیں۔
وزارتِ داخلہ کے ایک ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا گیا کہ بدامنی پھیلانے والے 90 افراد کو اسٹیڈیم کے باہر سے گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے، انڈیپینڈینٹے کے ترجمان نے بتایا کہ 10 افراد زخمی ہوئے، میچ 1-1 کی برابری پر 48 ویں منٹ میں روکا گیا اور پھر منسوخ کردیا گیا۔
ارجنٹینا میں تعینات چلی کے سفیر خوسے انتونیو ویرا گیلو نے چلی کے ریڈیو کوآپریتیوا ایف ایم کو بتایا کہ ایک شخص کو چھری کے وار کے زخم بھی لگے ہیں ساتھ ہی انہوں نے ایک اور فرد کے بارے میں بتایا جس کی حالت تشویشناک ہے۔
چلی کے صدر گیبریل بوریچ نے مطالبہ کیا کہ تشدد کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور اس کی ذمہ داری منتظمین پر پابندی عائد کی جائے، انہوں نے وزیر داخلہ الوارو ایلیزالدے کو ذاتی طور پر زخمیوں عیادت کے لیے بھیج دیا ہے۔
اسٹیڈیم سے نکلتے ہوئے انڈیپینڈینٹے کے مداحوں نے سیکیورٹی اور اس فیصلے پر غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ مہمان فینز کو میزبان شائقین کے قریب بٹھایا گیا تھا۔
دونوں کلبوں نے اس تشدد کی مذمت کی جو کہ جنوبی امریکا کی فٹبال میں نیا واقعہ ہے، انڈیپینڈینٹے کے صدر نیسٹر گرنڈیٹی نے چلی کے حامیوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے صورتحال کو قابو میں لانے کی ناکام کوشش کی، انڈیپینڈینٹے کے لیے کھیلنے والے چلی کے بین الاقوامی کھلاڑی فیلپے لوئیولا نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اس سطح کا تشدد ناقابلِ برداشت ہے، مجھے نہیں معلوم پولیس کہاں تھی۔
اپریل میں، سانتیاگو کے مونومینٹل اسٹیڈیم کے باہر شائقین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے، یہ میچ کوپا لیبرتادورس میں چلی کے کلب کولو کولو اور برازیل کے کلب فورٹالیزا کے درمیان ہونا تھا۔











لائیو ٹی وی