بیوی کے منع کرنے پر اداکاری چھوڑی، عبدالباسط خان
ماضی کے مقبول اداکار عبدالباسط خان نے دو دہائیوں کے بعد انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بیوی کے منع کرنے اور روکنے کے بعد اداکاری چھوڑی دی تھی۔
عبدالباسط خان نے 1980 کے بعد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے اداکاری کا آغاز کیا تھا، اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ سرکاری ملازمت بھی کرتے رہے۔
عبدالباسط خان نے حال ہی میں ’نیو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری ذریعہ معاش کے لیے نہیں کی بلکہ شوقیہ طور پر کی۔
ان کے مطابق وہ اس وقت واحد اور پہلے بیوروکریٹ تھے جنہوں نے اداکاری شروع کی اور جلد ہی شہرت بھی حاصل کی۔
عبدالباسط خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2001 میں آخری ڈراما کیا، انہیں فلموں میں بھی کام کی پیش کش ہوئی لیکن انہوں نے گھر اور بچوں کی خاطر مزید شوبز میں کام نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اہلیہ نے ان سے کہا کہ انہوں نے اداکار نہیں بلکہ ایک بیوروکریٹ سے شادی کی تھی، وہ گھر کو وقت نہیں دے رہے۔
عبدالباسط خان کے مطابق ان کی اداکاری کی تعریفیں معین اختر جیسے اداکاروں نے بھی کی اور اپنی تعریفیں سننے کے بعد وہ مسلسل کام کرتے رہنے کا ارادہ بھی کرتے تھے لیکن بیوی کے کہنے پر انہوں نے شوبز چھوڑا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بیوی نے انہیں کہا کہ اگر وہ بھی کوئی کام کر رہی ہوتیں تو کوئی بات نہیں تھی لیکن چونکہ وہ گھریلو خاتون ہیں، پورا دن گھر میں رہتی ہیں، اس لیے وہ چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر بھی ملازمت کے بعد گھر آجایا کریں، بیوی اور بچوں کو وقت دیں۔
ان کے مطابق وہ دفتر سے چھٹی ہونے کے بعد ڈراموں کی شوٹنگ پر چلے جاتے، جس وجہ سے وہ زیادہ تر رات کو دیر گئے گھر آتے، جس پر ان کی اہلیہ ناراض ہوتی تھیں۔
عبدالباسط خان نے کہا کہ ان کے کئی سال تک مسلسل تاخیر سے آنے کے بعد ان کی اہلیہ نے ایک دن سخت لہجے میں ان سے کہا کہ وہ اداکاری اور گھر میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کریں، جس پر انہوں نے گھر کا انتخاب کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں بیوی کے کہنے پر شوبز چھوڑنے پر کوئی افسوس نہیں، وہ بہت خوش ہیں اور انہوں نے اچھی زندگی گزاری، بیوی اور بچوں کو وقت دیا اور تمام خوشیاں پائیں۔











لائیو ٹی وی