جب اضافی پیسے آ جائیں گے تو ایوارڈز بھی خرید لوں گی، اریبہ حبیب
معروف ماڈل و اداکارہ اریبہ حبیب نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں دیے جانے والے ایوارڈز پر ذو معنی تبصرہ کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا ہے کہ جب ان کے پاس اضافی پیسے آجائیں گے تو وہ بھی ایوارڈز خرید لیں گی۔
اداکارہ نے حال ہی میں احمد بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر اور ذاتی زندگی سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
ایوارڈز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ایوارڈز اصل میں نوازے نہیں جاتے بلکہ خریدے جاتے ہیں۔
اریبہ حبیب کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ایوارڈز سے زیادہ ’ریوارڈ‘ اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ایوارڈز خریدنے پڑتے ہیں اور اگر کبھی ان کی خواہش ہوئی تو وہ بھی خرید لیں گی۔
انہوں نے ذو معنی انداز میں کہا کہ ایوارڈز تو جگہ جگہ مل جاتے ہیں، کہیں سے بھی خرید لیں گی لیکن انہیں ایسے ایوارڈز نہیں چاہیئے جنہیں خریدنا پڑے۔
اریبہ حبیب نے بتایا کہ بطور ماڈل وہ ایوارڈز کو اہمیت دیتی تھیں لیکن اداکاری کے سفر کے آغاز کے بعد یہ ان کے لیے معنی نہیں رکھتے، اب ان کی ایوارڈز حاصل کرنے کی کوئی خواہش نہیں۔
ان کے مطابق کسی بھی اداکار کے لیے اصل ایوارڈ اس کا بینک بیلنس اور سیٹ چھوڑنے کے بعد اس کے بارے میں کی جانے والی باتیں ہوتی ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی سینئر اداکار ایسے ہیں جن کے پاس درجنوں ایوارڈز موجود ہیں مگر ان کے پاس علاج کے لیے مالی وسائل تک نہیں،ایسے فنکاروں کی حالت دیکھ کر ان کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔
اریبہ حبیب نے واضح کیا کہ وہ ایوارڈز سے زیادہ اپنی محنت کے صلے کو اہم سمجھتی ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک اصل کامیابی وہ ہے جس سے کسی فنکار کو عزت اور پیسہ ملے۔











لائیو ٹی وی