زبان بڑی منحوس چیز ہے، بشریٰ انصاری کا خاموش رد عمل
سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے خود سمیت دوسری شوبز شخصیات پر کی جانے والی تنقید پر خاموش رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ زبان بڑی منحوس چیز ہے اور ساتھ ہی میں یہ بہت میٹھی اور پیاری چیز بھی ہے۔
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں یوٹیوب پر ولاگ شیئر کیا، جس میں انہوں متعدد معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے ولاگ میں شوبز شخصیات اور خصوصی طور پر اداکاراؤں پر کی جانے والی تنقید اور ان کی جسامت اور عمر کا مذاق اڑانے کے معاملے پر بھی بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ دن قبل شائستہ لودھی نے اپنی ایک تصویر شیئر کی تو اس پر انہیں طعنے دیے جانے لگے اور لکھا جانے لگا کہ انہوں نے اپنی ناک کے ساتھ کچھ کردیا۔
اداکارہ نے ولاگ میں اپنی بہن اسما عباس کے حال ہی میں ہیک ہونے والے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے متعلق بھی بتایا کہ جب کہ بیٹی نریمان انصاری کے حوالے سے بی بات کی اور کہا کہ ان کی بیٹی کے 20 سال ضائع ہوئے، جس پر انہیں بہت غصہ ہے۔
اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ پچھلے دنوں ان کے حوالے سے کسی نے بکواس کی، وہ تو انہیں جانتی تک نہیں۔
بشریٰ انصاری نے اپنے حوالے سے نامناسب گفتگو ہونے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ معین اختر، عمر شریف اور ضیا محی الدین جیسی شخصیات انتقال کر چکیں، ورنہ نہ جانے ان کے حوالے سے کیا کہا جاتا۔
ولاگ میں بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ اگر زبان کا غلط استعمال کیا جائے تو اس جیسی غلط چیز کوئی نہیں۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ لیکن اگر زبان کا درست استعمال کیا جائے تو اس سے بڑھ کر میٹھی اور اچھی چیز کوئی نہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ہر انسان کو دوسروں کے بارے میں بات کرتے وقت اچھے الفاظ کا انتخاب کرنا چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کا کسی سے جھگڑا یا اختلافات ہیں تو بھی اس کے لیے اچھے الفاظ استعمال کیے جانے چاہیے لیکن اگر کسی سے کوئی جھگڑا ہی نہیں ہے تو اس کے حوالے سے بات کرنا ہی بے وقوفی ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ جو لوگ زبان کا درست استعمال نہیں کرتے، الفاظ کی ادائیگی کے وقت اچھا انتخاب نہیں کرتے، وہ ذلیل ہوتے ہیں، خدا بھی انہیں خوار کرتا ہے۔
انہوں نے مذکورہ بات کرتے ہوئے کسی کا نام نہیں لیا، تاہم صارفین نے ان کے ولاگ پر تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اچھے انداز میں روبی انعم کو جواب دیا۔
روبی انعم نے چند دن قبل ایک پوڈکاسٹ میں بشریٰ انصاری سے متعلق نامناسب بات کہی تھی، جس پر شوبز شخصیات نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
روبی انعم نے کہا تھا کہ بشریٰ انصاری ان کی پسندیدہ ہیں، وہ انہیں بہت پسند کرتی ہیں لیکن اگر وہ یہ کہیں تو یہ جھوٹ نہیں ہوگا کہ اس عمر میں انہیں آرام کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ بشریٰ کے ولاگز ان پر سوٹ نہیں کرتے اور انہیں اللہ سے ڈرنا چاہیے کہ وہ اس عمر میں کام کر رہی ہیں، کیونکہ وہ ہماری ماؤں سے بھی بڑی ہیں۔
ان کے بیان پر بشریٰ انصاری نے واضح انداز میں تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم اب انہوں نے ولاگ میں روبی انعم کا نام لیے بغیر ہی زبان اور الفاظ کے غلط استعمال پر بات کرکے انہیں خاموشی سے جواب دے دیا۔











لائیو ٹی وی