کچھ غلط نہیں کہا، اگر دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت چاہتی ہوں، روبی انعم کی وضاحت
اداکارہ روبی انعم نے بشریٰ انصاری سے متعلق دیے گئے حالیہ بیان پر ہونے والی تنقید کے بعد وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کہا، تاہم اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتی ہیں۔
روبی انعم نے حال ہی میں جاری کی گئی اپنی ایک ویڈیو میں بشریٰ انصاری سے متعلق دیے گئے بیان کے بعد سامنے آنے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے وضاحت پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ انسان کبھی بھی کسی کا دل توڑ کر یا دل آزاری کرکے خوش نہیں رہ سکتا اور نہ ہی کسی کی بددعا لے کر زندگی میں کامیاب ہوسکتا ہے۔
روبی انعم کے مطابق یہ سب چیزیں خدا انسان کے دل میں ڈالتا ہے، اگر کسی کو یہ لگتا ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر ایسا کیا ہے تو وہ معذرت چاہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویسے انہیں نہیں لگتا کہ انہوں نے کچھ غلط کہا ہے لیکن اگر ان کی بات سے کسی کا دل ٹوٹا ہے یا برا لگا ہے تو وہ ان سے معافی مانگتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک وہ خود کسی بات کی وضاحت نہ کریں اس وقت تک فیصلہ نہ کیا جائے، کیونکہ اس حوالے سے وہ اپنے پروگرام میں جلد ہی تفصیل سے بات کریں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں روبی انعم نے ایک پوڈکاسٹ میں بشریٰ انصاری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرچہ وہ ان کی پسندیدہ ہیں اور انہیں بہت پسند کرتی ہیں لیکن اس عمر میں انہیں آرام کرنا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بشریٰ انصاری کو ولاگز نہیں بنانے چاہئیں اور اللہ سے ڈرنا چاہیے کہ وہ اس عمر میں بھی کام کر رہی ہیں، کیونکہ وہ ہماری ماؤں سے بھی بڑی ہیں۔
روبی انعم کے اس بیان کے بعد شوبز شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور بشریٰ انصاری نے بھی براہِ راست نام لیے بغیر اپنے ولاگ میں اس معاملے پر ردعمل دیا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ پچھلے دنوں ان کے حوالے سے کسی نے بکواس کی، حالانکہ وہ انہیں جانتی تک نہیں تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ معین اختر، عمر شریف اور ضیا محی الدین جیسی شخصیات اب دنیا میں موجود نہیں ہیں، ورنہ ان کے بارے میں بھی نہ جانے کیا کچھ کہا جاتا۔
اداکارہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ زبان کا غلط استعمال سب سے بری چیز ہے لیکن اگر زبان کو اچھے انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ سب سے میٹھی اور بہترین چیز ہے۔











لائیو ٹی وی