کامیڈی صرف عام شکل و صورت والے نہیں، ہیرو بھی کر سکتا ہے، فردوس جمال
سینئر اداکار فردوس جمال کا کہنا ہے کہ زیادہ تر کامیڈین عام سی شکل و صورت کے ہوتے ہیں، جب کہ ہیرو بھی کامیڈی کر سکتا ہے۔
فردوس جمال نے حال ہی میں ’ٹاک وِد علی اطہر‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ وہ فلم اسٹار شاہد حمید کو اداکار نہیں سمجھتے، وہ بہت خوبصورت آدمی ہیں، لیکن بالکل بھی اداکار نہیں ہیں، وہ کبھی یہ نہیں سمجھ پائے کہ انہیں بہترین میں سے بہترین کے طور پر کیوں یاد کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد حمید زیادہ تر ایک حادثہ ہیں اور حادثہ کہیں بھی ہو سکتا ہے، اسی طرح وہ شاہد کے کیریئر کو بھی دیکھتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب وہ تھیٹر پر اداکاری کرتے تھے تو اس وقت وہ مزاحیہ اداکاروں کے ساتھ بطور ہیرو اداکاری کرتے تھے اور بس ان کا کردار اسٹیج ڈرامے کے آخر میں آکر ایک جذباتی ڈائیلاگ بولنے کا ہوتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کامیڈین عام سی شکل و صورت کے ہوتے تھے، تو ان کے دل میں یہ خیال آیا کہ جب وہ کامیڈی کر سکتے ہیں تو وہ کیوں نہ کریں، جب کہ ان کی اچھی شکل و صورت بھی ہے۔
فردوس جمال کے مطابق اسی لیے انہوں نے مزاحیہ اداکاری بھی شروع کر دی اور وہ لوگوں کو پسند بھی آئی، شکل و صورت بھی اچھی تھی، اس لیے مقبولیت بھی جلدی مل گئی۔
اداکار نے مزید بتایا کہ عام طور پر یہی تاثر ہوتا ہے کہ جو عام سی شکل و صورت یا خدوخال کا ہوگا وہی مزاح کر سکتا ہے، تو انہوں نے اس خیال کو تبدیل کرنے کا سوچا کیونکہ مزاح کا تعلق شکل و صورت سے بالکل بھی نہیں ہے، جیسے ہالی وڈ یا بالی وڈ کو ہی دیکھ لیں، وہاں بھی خوبصورت چہروں کے حامل افراد مزاح کرتے نظر آتے ہیں۔











لائیو ٹی وی