شبنم کی پاکستان سے براہ راست بنگلہ دیش پروازیں شروع کرنے کی فرمائش
ماضی کی مقبول پاکستانی فلمی ہیروئن شبنم نے حکومت پاکستان سے فرمائش کی ہے کہ اب تعلقات کی بحالی کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈائریکٹ پروازیں بحال کی جائیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کئی سال سے براہ راست پروازیں معطل ہیں، ماضی میں ڈائریکٹ فضائی سروس دستیاب ہوتی تھی۔
اس وقت اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان سفری پابندیاں نہیں ہیں، تاہم دونوں ممالک کے مسافر براہ راست فضائی سفر کی سہولت سے محروم ہیں، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان ڈائریکٹ فضائی سفر بھی شروع ہوگا۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کیا تھا، وہ تقریبا ڈیڑھ دہائی بعد بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر خارجہ بنے تھے۔
!اپنے بنگلہ دیشی دورے کے دوران اسحٰق ڈار نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس اور مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین سمیت سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے علاوہ دیگر اہم سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
دورے کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔
اسحٰق ڈار نے اپنے بنگلہ دیشی دورے کے دوران ڈھاکا میں ہونے والی ایک تقریب میں پاکستانی فلموں اور ڈراموں پر بھی بات کی تھی، مذکورہ تقریب میں ماضی کی مقبول پاکستانی فلمی ہیروئن شبنم بھی شریک ہوئی تھیں۔
نائب وزیر اعظم نے اداکارہ شبنم کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے پاکستانی فلم انڈسٹری میں کردار کو بھی سراہا تھا۔
اسی تقریب میں اسحٰق ڈار اور شبنم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، جس دوران اداکارہ نے نائب وزیر اعظم سے براہ راست فضائی سفر کی سہولیات شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
روزنامہ ’جنگ‘ کے مطابق شبنم نے نائب وزیر اعظم کو بتایا کہ اب بھی پاکستانی مداح انہیں فون کرکے ان سے باتیں کرتے ہیں جب کہ مداح انہیں بار بار پاکستان آنے کی دعوت بھی دیتے ہیں۔
ماضی کی مقبول اداکارہ نے نائب وزیر اعظم سے فرمائش کی کہ وہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کریں۔
خیال رہے کہ شبنم نے1960سے قبل پاکستانی فلموں میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 1980کی دہائی کے وسط تک مسلسل 30 سال تک پاکستانی فلم انڈسٹری میں کام کیا، انہیں شاندار اداکاری کے عوض ڈیڑھ درجن کے قریب ایوارڈز بھی دیے گئے۔
ان کا اصل نام جھرنا باسک تھا، ان کی پیدائش تقسیم ہند کے بعد مشرقی پاکستان (بنگلہ دیش) میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے ہی وہیں ابتدائی تعلیم حاصل کی، ان کی پہلی فلم بھی بنگالی ہی تھی لیکن جلد ہی انہوں نے مغربی پاکستان کا رخ کیا اور لاہور کے فلم سازوں کی اولین پسند بن گئیں اور کئی سال تک ان کی اولین پسند ہی رہیں۔
شبنم نے ماضی کےمقبول پاکستانی ہیروز وحید مراد، محمد علی اور ندیم سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا اور انہوں نے مجموعی طور پر 200 کے قریب فلموں میں کام کیا، جس میں سے زیادہ تر اردو زبان کی فلمیں شامل ہیں۔
شبنم کی شادی برصغیر کے نامور موسیقار روبن گھوش سے 1964 میں ہوئی تھی، جس کے بعد یہ دونوں 1996 میں بنگلہ دیش منتقل ہو گئے تھے اور تقریباً تیرہ سال بعد 2012 میں پاکستان واپس آئے تھے، بعد ازاں 2017 میں شبنم تنہا بھی پاکستانی دورے پر آئیں تھیں۔











لائیو ٹی وی