بعد میں بچے پیدا کرنے کے لیے انڈے محفوظ کروانا چاہے تو زائد العمر کہا گیا، سوہا علی
بولی وڈ اداکارہ، لکھاری و پروڈیوسر سوہا علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ چند سال قبل انہوں نے اپنے ’انڈے‘ محفوظ کروانا چاہے تاکہ وہ بعد میں انہیں استعمال کرکے بچوں کی پیدائش کر سکیں تو انہیں زائد العمر ہونے کا کہا گیا۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق سوہا علی خان نے اپنے نئے پوڈکاسٹ ’آل اباؤٹ ہر‘ میں اپنی ذاتی زندگی اور بانجھ پن کے حوالے سے جدوجہد پر بھی کھل کر بات کی۔
مذکورہ پوڈکاسٹ میں اُن کے ساتھ اداکارہ سنی لیونی اور ماہرِ تولیدیات ڈاکٹر کرن کوہیلو بھی موجود تھیں۔
پروگرام میں جہاں سنی لیونی نے بانجھ پن پر کھل کر گفتگو کی، وہیں سیف علی خان کی بہن سوہا علی خان نے بھی اپنے تجربات شیئر کیے۔
سوہا علی خان نے گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ جب انہوں نے بعد میں ماں بننے کے لیے اپنے ’انڈے‘ محفوظ کروانے کا فیصلہ کیا تو اُنہیں اپنے معالج کی ایک حیران کن بات نے چونکا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت 35 برس کی تھیں جب انہوں نے گائناکالوجسٹ سے کہا کہ وہ اپنے ماں بننے کے انڈے فریز کروانا چاہتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی بات پر ڈاکٹر نے انہیں کہا کہ آپ پہلے ہی زائد العمر ہو چکی ہیں۔
سوہا علن خان کے مطابق باقی سب انہیں کہتے تھے کہ آپ ابھی بہت جوان ہیں لیکن ڈاکٹر کی بات انہیں چونکا دیا اور وہ سوچ میں پڑ گئیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے انہیں کہا کہ کسی خاتون کی ’بچہ دانی اس کا چہرہ نہیں دیکھتی، وہ اپنی عمر کے حساب سے کام کرتی ہے۔
سوہا علی خان نے بتایا کہ لیڈی ڈاکٹر کی بات اور جملہ انہیں کافی عرصے تک یاد رہا اور وہ کچھ پریشان بھی رہیں۔
ان کی بات پر پوڈ کاسٹ میں موجود ڈاکٹر نے وضاحت کی کہ زرخیزی کئی عوامل پر منحصر ہوتی ہے جنہیں آج جدید ٹیسٹوں کے ذریعے جانچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین اور مردوں میں بانجھ پن کی تشخیص کے لیے ’اینٹی ملیرین ہارمون ٹیسٹ‘ (Anti-Müllerian Hormone) اور ماہواری کے دوسرے دن کیا جانے والا ’انٹرل فولیکلز کاؤنٹ‘(antral follicle count) ٹیسٹ جیسے طریقے موجود ہیں، جو آئندہ برسوں میں مرد و خواتین میں بانجھ پن کی پیش گوئی کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
لیڈی ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ خواتین کے انڈے محفوظ کروانے کے لیے بہترین عمر 28 سے 34 برس کے درمیان سمجھی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ سوہا علی خان نے 2015 میں اداکار کنال کھیمو سے شادی کی تھی اور 2017 میں 39 برس کی عمر میں بیٹی ’عنایا نعومی کھیمو‘ کو جنم دیا تھا اور انہیں ایک ہی بیٹی ہے۔
اس وقت سوہا علی خان نے واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے ماں بننے کے لیے کس طرح کا علاج کروایا۔











لائیو ٹی وی