ایم ایس دھونی کو ٹی20 ورلڈکپ 2026 کیلئے مینٹورشپ کی پیشکش
بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ابتدائی طور پر ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے لیے مینٹور شپ کی پیشکش کی ہے، اگر وہ اسے قبول کرلیتے ہیں تو انہیں تمام فارمیٹس کا مینٹور بنائے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم ایس دھونی فی الحال یہ ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دھونی کے انکار کی وجہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر ہیں، کیوں کہ دھونی نہیں چاہتے جب تک گمبھیر تینوں فارمیٹس کے ہیڈ کوچ ہیں، وہ یہ کردار سنبھالیں۔
دھونی اور گمبھیر کے درمیان پرانے اختلافات ہیں اور اندرونی ذرائع کا ماننا ہے کہ دھونی کسی ایسے منظرنامے سے بچنا چاہتے ہیں جہاں ان کی ذمہ داریاں گمبھیر کے کردار سے ٹکرا سکیں یا تناؤ کی صورتحال پیدا ہو۔
2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں روی شاستری کی کوچنگ کے دوران دھونی کو صرف اسی ٹورنامنٹ کے لیے مینٹورشپ آفر کی گئی تھی تاہم بورڈ کی حالیہ پیشکش بہت زیادہ وسیع ہے۔
بی سی سی آئی چاہتا ہے کہ دھونی اپنی خدمات بھارت کی تمام نیشنل ٹیموں (سینئرز، جونیئرز، اور ممکنہ طور پر ویمنز کرکٹ ٹیم) کے لیے فراہم کریں تاکہ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر وہ نئے ٹیلنٹ کی رہنمائی کر سکیں۔
ایک بی سی سی آئی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ دھونی کو ایک بار پھر بھارتی کرکٹ کا مینٹور بننے کی پیشکش کی گئی ہے، بورڈ کا ماننا ہے کہ بھارت کے سب سے کامیاب کپتان دھونی کی رہنمائی نئی نسل کے بھارتی کرکٹرز کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
اگر یہ معاہدہ طے پا گیا تو یہ دھونی کی انٹرنیشنل ریٹائرمنٹ (2020) کے بعد بھارتی کرکٹ کے آفیشل سیٹ اپ میں پہلی طویل المدتی واپسی ہوگی۔











لائیو ٹی وی