• KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.2°C
  • ISB: Rain 15.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.2°C
  • ISB: Rain 15.1°C

شعیب منصور کی فلمیں معیار پر پوری نہیں اترتیں، ببرک شاہ

شائع September 1, 2025
—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

ماضی کے مشہور اداکار، گلوکار اور موسیقار ببرک شاہ نے شعیب منصور کی فلموں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی فلمیں معیار پر پوری نہیں اترتیں اور وہ صرف ڈراموں کے ہدایتکار ہیں۔

ببرک شاہ نے حال ہی میں ’شیخ دا پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے فلمی دنیا اور مختلف فلموں کے بارے میں کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

انہوں نے شعیب منصور کی فلم ’خدا کے لیے‘ کے بارے میں کہا کہ جب وہ یہ فلم سینما میں دیکھ کر باہر آئے تو انہیں لگا کہ فلم کے ہدایتکار فلمی ہدایتکاری کے لحاظ سے اہل نہیں تھے۔

ببرک شاہ کے مطابق شعیب منصور اچھے ہدایتکار ہیں لیکن وہ ڈراموں کے لیے موزوں ہیں، فلموں کے لیے نہیں۔

انہوں نے ایک منظر کی مثال دی جس میں کیمرا ایک ہی جگہ پر کئی دیر تک لوگوں کے ادھر ادھر بھاگنے کو دکھاتا رہتا ہے، جو ان کے خیال میں فلمی معیار کے لحاظ سے ناکافی تھا۔

اداکار نے مزید کہا کہ اگر ہم 1892 کے دور کی فلمیں دیکھیں تو چارلی چیپلن کی فلموں میں کیمرا ہمیشہ سامنے رکھا جاتا تھا اور پھر شوٹنگ کی جاتی تھی۔

ببرک شاہ کے مطابق شعیب منصور کی فلمیں ’خدا کے لیے‘ اور ’بول‘ دیکھنے کے بعد انہیں یہ احساس ہوا کہ وہ فلمیں نہیں بنا سکتے، یا تو وہ دستاویزی فلمیں بنائیں گے یا پھر ایجنڈا پر مبنی فلمیں۔

انہوں نے کہا کہ ’خدا کے لیے‘ اور ’بول‘ اس لیے کامیاب ہوئیں کہ لوگ ایک یا دو بار تو بے وقوف بنائے جا سکتے ہیں، لیکن بار بار نہیں، جس کی مثال شعیب منصور کی ایک اور فلم ’ورنہ‘ سے لی جا سکتی ہے۔

شعیب منصور ایک معروف پاکستانی ہدایتکار ہیں، ان کی ہدایتکاری میں بننے والے ڈراموں میں ’الفا براوو چارلی‘، ’اَن کہی‘، ’ففٹی ففٹی‘ اور ’سنہرے دن‘ جیسے شہرہ آفاق ڈرامے شامل ہیں۔

ان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلمیں ’خدا کے لیے‘ اور ’بول‘ شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہیں، تاہم فلم ’ورنہ‘ کو وہ پذیرائی نہ مل سکی جو پہلی دونوں فلموں کو حاصل ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025