’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے اداکار آشش کپور ریپ الزام میں گرفتار
بھارت کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ’یہ رشتا کیا کہلاتا ہے‘ سمیت دیگر متعدد ڈراموں میں کام کرنے والے اداکار آشش کپور کو خاتون کے ریپ الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’نیوز 18‘ کے مطابق آشش کپور کو دہلی پولیس نے ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے سے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ایک خاتون کی جانب سے دہلی میں گزشتہ ماہ اگست کے اوائل میں منعقدہ ایک ہاؤس پارٹی کے دوران جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائی تھی۔
ڈپٹی کمشنر پولیس (نارتھ) راجہ بنٹھیہ نے بتایا کہ خاتون کی شکایت پر دہلی میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس ٹیموں نے آشش کپور کی نقل و حرکت کا سراغ لگاکر انہیں گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق آشش کپور پہلے گووا اور پھر پونے گئے، جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا، معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اسی حوالے سے ’دکن ہیرالڈ‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکار کے خلاف 11 اگست کو مقدمہ دائر کیا گیا تھا، خاتون نے پہلے دیگر افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے دیگر افراد کا نام مقدمے سے خارج کروایا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اداکار نے انہیں دہلی میں ہونے والی ایک ہاؤس پارٹی کے دوران باتھ روم میں لے جاکر ریپ کا نشانہ بنایا، ان پر تشدد کیا۔
خاتون نے گھر میں موجود دیگر افراد کو بھی ابتدائی طور پر نامزد کیا تھا، تاہم بعد ازاں خاتون نے پولیس کو بتایا کہ صرف آشش کپور نے ہی انہیں ریپ کا نشانہ بنایا۔
خاتون کی شکایت کے بعد اداکار کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا، جب کہ فوری طور پر اداکار کی جانب سے خاتون کے لگائے گئے الزامات پر کوئی بیان سامنے نہیں آ سکا۔
آشش کپور نے کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا، انہوں نے درجنوں ڈراموں میں اداکاری کی، ان کے تعلقات بھی متعدد اداکاراؤں اور ماڈلز سے رہے۔
آشش کپور نے جن اداکاراؤں کے ساتھ ڈراموں یا دوسرے منصوبوں میں کام کیا، ان کے ساتھ بھی ان کے معاشقے رہے، اداکارائیں ان پر بے وفائی کے الزامات بھی لگاتی رہی ہیں لیکن پہلے کسی نے ان پر نامناسب رویے کے الزامات نہیں لگائے۔











لائیو ٹی وی